سعودی اتحاد اور حوثیوں کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ

،تصویر کا ذریعہGetty

یمن میں ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار سعودی اتحاد اور حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

دونوں فریقین کا کہنا ہے کہ نو سعودیوں کے بدلے میں 109 باغی جنگجو قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

قیدیوں کا تبادلہ طے کردہ جنگ بندی اور آئندہ ماہ دوبارہ شروع ہونے والے امن مذاکرات سے قبل کیا گیا ہے۔

اتوار کو یمن میں جاری جنگ کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری جنگ میں سعودی اتحاد کی شمولیت کے بعد سے اب تک چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں سے نصف تعداد عام شہریوں کی ہے۔

سعودی اتحاد نے باغیوں کو شکست دینے اور جلاوطن صدر منصور ہادی کا اقتدار بحال کرنے کے لیے فوجی مہم کا آغاز کیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یمنی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے نو قیدی سعودی فوجی ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے مذاکرات سے قبل دس اپریل سے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

اِس سے قبل اتحاد کی جانب سے اعلان کردہ یک طرفہ جنگ بندی زیادہ عرصہ نہ چل سکی تھی اور امن مذاکرات میں بار بار تعطل کے باعث لڑائی تھم نہیں سکی تھی۔

یمن میں جنگ نے انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں، جہاں ہر پانچ میں سے چار افراد کی زندگی کا انحصار امداد پر ہے۔ یمن عرب دنیا کے غریب ممالک میں سے ایک ہے۔