’آنسباخ خودکش بمبار دولت اسلامیہ کا حامی تھا‘

،تصویر کا ذریعہReuters
جرمنی کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر آنسباخ میں اپنے آپ کو اڑانے والے شامی پناہ گزین کے فون سے ایک ویڈیو برآمد ہوئی ہے جس میں اس نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے رہنما کی بیعت کا اعلان کیا ہے۔
باویریا کے وزیر داخلہ جواخم ہیمن کا کہنا ہے کہ میوزک فیسٹیول کے قریب اپنے آپ کو اڑانے والے 27 سالہ شامی پناہ گزین کے مکان اور اس کی جیبوں سے دو فونز، متعدد سمیں اور لیپ ٹاپ برآمد ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویڈیو میں اس شخص نے جرمنی سے بدلہ لینے کے لیے حملوں کا ذکر کیا ہے۔
باویریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس پناہ گزین کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو ہلاک کرنا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے مکان سے بم بنانے کا مواد بھی ملا ہے جن میں پیٹرول، ہائیڈروجن پر اوکسائیڈ اور بیٹریاں شامل ہیں۔
باویریا کے وزیر داخلہ جواخم ہیمن کا کہنا ہے کہاس مواد کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ’اس کے علاوہ اس کے مکان سے سلفی تحریری مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہNEWS5
اس سے قبل وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ شامی شہری کی پناہ کی درخواست مسترد ہو چکی تھی اور اس نے موسیقی کے اوپن ایئر فیسٹیول میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر اپنے پاس موجود دھماکہ خیز مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شامی پناہ گزین مارا گیا جبکہ دیگر 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر داخلہ جواخم ہیمن کے مطابق شامی حملہ آور تقریباً دو برس پہلے جرمنی آیا تھا اور ایک برس پہلے اس کی پناہ کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ تاہم اسے اپنے آبائی ملک کے حالات بہتر ہونے تک جرمنی میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی اور ایک فلیٹ مہیا کیا گیا تھا۔
وزیر داخلہ جواخم ہیمن نے شامی پناہ گزین کے بارے میں بتایا ہے کہ یہ پہلے دو مرتبہ خودکشی کی کوشش کر چکے ہیں اور کچھ وقت نفسیاتی امراض کی کلینک میں بھی گزارا ہے۔
شام سے پناہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد جرمنی میں مقیم ہے۔
پچھلے سال ایک لاکھ پناہ کی درخواستوں میں سے صرف 23 درخواستوں کو مسترد کیا گیا۔ یہ درخواستیں غلط معلومات فراہم کیے جانے پر مسترد کی جاتی ہیں۔







