بغداد میں سفارتخانے کے باہر آسٹریلوی محافظ ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں آسٹریلوی سفارتخانے کے باہر ایک سکیورٹی کنٹریکٹر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ہلاک ہونے والا 34 سالہ شخص آسٹریلوی شہری تھا۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق انھیں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔
تاحال اس واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی لیکن آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص آسٹریلوی سفارتکاروں کو سکیورٹی مہیا کرنے والے یونائیٹڈ ریسورسز گروپ کے لیے کام کرتا تھا۔
اس نجی ملٹری گروپ میں سابق برطانوی اور آسٹریلوی کمانڈوز بھرتی کیے جاتے ہیں اور اس کا ہیڈکوارٹر متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔



