روسی شہریوں کےلیے مفت زمین

،تصویر کا ذریعہAFP
روس میں شہریوں کے لیے ملک کےمشرقی علاقے میں زمین کی تقسیم کا قانون نافذ کر دیاگیا ہے لیکن کچھ ہی لوگوں کا خیال ہے کہ اس سہولت سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔
نیوز ڈاٹ آر یو کے مطابق تمام روسی شہری پانچ سال کے لیے ایک ہیکٹر زمین کا ٹکڑا یعنی رگبی کے میدان کے برابر سرکاری یا میونسپل کی زمین حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
پانچ سال کے بعد وہ افراد اس زمین کو کرائے پر دے سکتے ہیں یا فروخت کر سکتے یا وہ چاہیں تو کسی کو مفت بھی دے سکتے ہیں۔
لیکن اس کے لیے ایک شرط ہے: انھیں مقامی حکام کے سامنے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ زمین کو پیداواری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
تقسیم کیے جانے والا علاقہ وسیع ہے۔ روس کے شمال مشرق میں الاسکا کے قریب علاقے چکوتکا سے لے کر جنوب میں چین کی سرحد تک اور مغرب میں سائبیریا میں جمہوریہ سخا (یوکوتیا) تک۔
اس خطے کی آبادی سویت یونین کے خاتمے کے بعد سے مسلسل سکڑ رہی ہے اور بہت سے لوگ دور دراز علاقوں سے نسبتاً خوشحال علاقوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
روسی اخبار موسکوسکی کومسومولیٹس کے مطابق اس خطے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی امیدیں خاصی کم ہیں۔ کیونکہ منافع بخش کھیتی باڑی کے لیے ایک ہیکٹر کا رقبہ خاصا کم ہے، خاص طور پر ایسے علاقے میں جہاں کی آب و ہوا سخت ہے۔
تاہم حکومت نواز اخبار لائف نیوز اس حوالے سے مثبت رائے پیش کرتا ہے۔ ’آدمی، زمین، روس‘ نامی تحریک کے سربراہ آندرے گسکوف کہتے ہیں کہ لوگ مل جل کر سویت انداز میں اجتماعی طور پر فارمز بنا سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس خطے میں کچھ مقامی افراد کو بیرونی افراد کی نقل مکانی کے حوالے سے خدشات بھی ہیں۔ مارچ میں جمہوریہ سخا میں اس حوالے سے مظاہرین نے ووٹنگ کا مطالبہ بھی کیا تھا، علاقائی گورنر کا کہنا ہے وہ اس حوالے سے تشویش مند ہیں کہ انتہائی رش بڑھ جائے گا کہ لوگوں کو امید ہے وہ زمینوں سے زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔







