سڑکوں کی مرمت کرنے والی پری

ویرونیکا کی سڑک مرمت کرتے ہوئے بننے والی ویڈیو 26 ہزار مرتبہ دیکھی جا چکی ہے

،تصویر کا ذریعہBayzhan Afanasyev

،تصویر کا کیپشنویرونیکا کی سڑک مرمت کرتے ہوئے بننے والی ویڈیو 26 ہزار مرتبہ دیکھی جا چکی ہے

روس میں ایک نوجوان خاتون نے شہر کی سڑکوں میں پڑے گڑھوں سے تنگ آ کر اپنے ہاتھوں سے سڑک کی مرمت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جب سے 26 سالہ ویرونیکا بوربس کی رات میں سڑکوں کی مرمت کرتے ہوئے گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگے کیمرے سے بنی ویڈیو انٹرنیٹ پر شائع ہوئی ہے، وہ راتوں رات جنوبی سائبیریا کے شہر اومسک کی سب سے مشہور شخصیت بن گئی ہیں۔

ویرونیکا پیشے کے اعتبار سے گل فروش ہیں۔

روسی میڈیا میں اُنھیں ’سڑک کی پری‘ کے نام سے پکارا جا رہا ہے اور مقامی افراد نے حکومتی بےعملی کے سامنے اُنھیں مجاہد کا لقب دیا ہے۔

ویرونیکا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں اپنی سڑکوں کی حالت زار کے باعث پریشان ہوگئی تھی۔ مجھے گڑھوں سے چوٹ لگتی ہے، تو مجھے لگا کہ مجھے جا کر اُنھیں بھرنا چاہیے۔‘

اُن کا کہنا ہے کہ وہ اب تک کنکریٹ اور پتھر کے ٹکڑوں کا استعمال کر کے پانچ گھڑے بھر چکی ہیں۔

اُن کے اِس عمل کے باعث اومسک میں مقامی گاڑیوں کے حوالے سے آن لائن فورم پر کافی بحث کی جا رہی ہے۔

ویرونیکا بوربس مقامی سطح پر مشہور شخصیت بن گئی ہیں

،تصویر کا ذریعہRen TV Omsk

،تصویر کا کیپشنویرونیکا بوربس مقامی سطح پر مشہور شخصیت بن گئی ہیں

زیادہ تر افراد ویرونیکا کے عمل کی تعریف کر رہے ہیں لیکن کچھ پریشان بھی ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ کیا ایسا کرنے والی وہ صرف ایک ہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ وی کے پر ایک تبصرے میں کہا گیا ہے کہ ’لڑکی نے صحیح کیا، یہ حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے۔‘

ایک اور صارف نے تجویز دی ہے کہ ’شہر کے میئر کو بالٹی اور بیلچہ دیا جائے اور اُنھیں سڑکوں کی مرمت کرنے دی جائے۔‘

تاہم اومسک کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ غیرقانونی طور پر گڑھوں کو بھرنے سے روڈ سیفٹی کی صورتحال خراب ہو جائے گی۔‘

اومسک کی خبررساں ویب سائٹ نے میئر کا بیان شائع کیا ہے کہ ’اگر اس قسم کا کام نامعلوم مواد اور نامعلوم مہارت کا استعمال کرتے ہوئے کیا جاتا ہے تو اصل میں یہ نقصان پہنچاتا ہے۔‘

’سب سے بہتر چیز یہ ہے کہ اگر سڑک کی سطح پر کوئی نقص ہے تو ہمیں آگاہ کیا جائے۔ ہم جلد از جلد اِس کو صحیح کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔‘