پیلمائرا پر قبضہ دہشت گردی کے خلاف اہم پیش رفت: اسد

،تصویر کا ذریعہSana
شام سے آنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کی حکومتی افواج نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شکست دیکر قدیمی شہر پیلمائرا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
شام کے صدر بشارالا سد نے پیلمائرا پر حکومتی افواج کے قبضے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر اسد کا کہنا ہے کہ پیلمائرا میں دولتِ اسلامیہ کو شکست شامی افواج اور اس کے اتحادیوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔
شام کی فوج اس علاقے میں کئی روز سے پیش قدمی کر رہی تھی اور اب فوجی ذرائع کا کہنا ہے شہر پر اس کا مکمل کنٹرول ہوگیا ہے۔
سنیچر کو اس سلسلے میں شامی فوج نے جو تصاویر جاری کی تھیں اس میں اسے پیلمائرا کے کئی ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹروں اور ٹیکوں سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
برطانیہ میں شام کی صورت حال پر نظر رکھنے والے حقوق انسانی کے ایک ادارے کا کہنا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقوں میں اب بھی گولہ باری ہو رہی ہے لیکن دولت اسلامیہ کے جنگجو شہر سے پسپا ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل شامی وزارتِ دفاع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ روسی فضائیہ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 40 مشن بھجوائے۔
خیال رہے کہ ’دولت اسلامیہ‘ نے یونیسکو کی عالمی وراثت والے مقام اور اس سے ملحق شہر پر گذشتہ سال مئی میں قبضہ کر لیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
اس نے آثار قدیمہ کے مقامات کو نقصان پہنچائے جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئي۔
دوہزار سال پرانے دو مندر، ایک محراب اور قبرستان کے مینار زمیں بوس کر دیے گئے تھے۔
شامی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 158 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور 100 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوئے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے اس سے قبل کہا تھا کہ فوج نے پیلمائرا شہر کے شمالی سرے پر موجود الامیریا ضلعے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔







