سینیٹر روبیو پر حریف امیدواروں کی تنقید

اس مباحثے کا انعقاد نیو ہیمپ شائر میں کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشناس مباحثے کا انعقاد نیو ہیمپ شائر میں کیا گیا تھا

رپبلکن جماعت کی جانب سے صدارتی انتخاب لڑنے کے خواہش مند نوجوان سینیٹر مارکو روبیو کو حریف امیدواروں کی جانب سے ایک ٹی وی مباحثے کے دوران تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ریاست نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے روبیو جن کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، کو ناتجربہ کار اور لکیر کا فقیر قرار دیاہے۔

مباحثے کے دوران فلوریڈا سے منتخب سینیٹر روبیو کو ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق امریکی صدر جارج بش کے بھائی جیف بش کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اس مباحثے کا انعقاد نیو ہیمپشائر میں کیا گیا تھا جہاں چار روز بعد دونوں رپبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹیوں کے ممبران صدارتی ٹکٹ کے امیدوار کا چناؤ کریں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق صدارتی انتخاب لڑنے والے تمام امیدوار اس بات سے باخوبی واقف ہیں کہ نیو ہیمپشائر سے منتخب ہونا بہت اہم ہے۔

ریاست ہیمپشائر سے اب تک آنے والے ووٹروں کے سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ متنازع امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔

خیال رہے کہ مارکو روبیو اپنے حریفوں کے برعکس ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا خاندان کیوبا سے امریکہ منتقل ہوا تھا۔