چارلی ایبڈو حملے کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک اور حملہ

حملے کے بعد سکولوں اور پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحملے کے بعد سکولوں اور پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

فرانس میں پولیس نےچارلی ایبڈو پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر بظاہر پولیس سٹیشن پر حملہ کرنےکی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص کے پاس چاقو تھا اور ایک نقلی خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔

اس واقع سے کچھ لمحے قبل ہی گذشتہ سال جنوری میں پیرس میں ہونے والے حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اپنے خطاب کے دوران پولیس کی تعریف کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس چارلی ہیبڈو اور یہودی سپر مارکیٹ پر مسلح حملہ آوروں نے سلسلہ وار حملوں میں 17 افراد کو ہلاک کیا تھا۔

اپنے خطاب کے دوران فرانسوا اولاند کا کہنا تھا کہ ’آئندہ 2017 تک فرانس کی موجودہ فورسز کو بے مثال طور پر مضبوط بنانے کے لیے پانچ ہزار مزید پولیس اور مسلح اہلکاروں کا اضافہ کیا جائےگا۔‘

اس کے علاوہ خفیہ اداروں میں دو ہزار اضافی نوکریوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

پیرس میں پولیس ہیڈکوارٹر میں فرانسوا اولاند کے خطاب کے فوراً بعد ہی یہ خبر پھیل گئی کہ شمالی پیرس کے 18th ضلعے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے شخص نے گوتی ڈی میں پولیس سٹیشن کے باہر ’اللہ اکبر‘ کی آواز لگائی جہاں پولیس نے اس شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

اس شخص کے ہاتھ میں چاقو تھا اور جب ان کے جسم سے کچھ تاروں کو لپٹا دیکھا گیا تو بم ڈسپوزل سکواڈ کے ماہرین کو طلب کر لیا گیا۔

ایک پولیس روبوٹ نے ان کے جسم کا جائزہ لیا جس کے بعد معلوم ہوا کے جو جیکٹ انھوں نے پہن رکھی اس میں دھماکہ خیز مواد نہیں تھا۔

اطلاعات کے مطابق علاقے کو خالی کروا لیا گیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ اور سکولوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔