فلپائن میں سمندری طوفان کا خدشہ، حفاظتی انتظامات جاری

سیارے سے حاصل کی جانے والی تصویر میں ٹائیفون کو فلپائن کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنسیارے سے حاصل کی جانے والی تصویر میں ٹائیفون کو فلپائن کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

فلپائن کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں طوفان اور تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر ایک ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ ’ٹائیفون نول‘ نامی یہ طوفان مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات فلپائن کے سب سے بڑے جزیرے لُوزان سے ٹکرائے گا۔

سینکڑوں افراد کی نقل مکانی کے علاوہ جزیرے سے پروازیں اور سمندری راستوں سے آمد و رفت بھی معطل کر دی گئی ہے اور حکومت نے علاقے میں امدادی سامان پہنچانا شروع کر دیا ہے۔

خطرے کے پیش نظر کئی مقامات پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنخطرے کے پیش نظر کئی مقامات پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

یاد رہے کے فلپائن کو اکثر شدید موسمی حالات کا سامنا رہتا ہے اور سنہ 2013 میں ٹائیفون ہیان میں سات ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

پیشنگوئی کے مطابق ٹائیفون نول فلپائن کے شمالی صوبے کیگیان سے ٹکراتا ہوا سمندر میں اپنا سفر جاری رکھے گا اور یہ جاپان کی جانب بڑھ جائے گا۔

یہ طوفان ایک ایسے وقت میں آ رہا ہے جب فلپائنی کسان چاول کی فصل کاٹ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنیہ طوفان ایک ایسے وقت میں آ رہا ہے جب فلپائنی کسان چاول کی فصل کاٹ رہے ہیں

حکام کو خدشہ ہے کہ طوفان سے کئی مقامات پر لوگوں کو زمین سرکنے (لینڈ سلائیڈنگ) اور سیلابی ریلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں نے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کی تیاری کر رکھی ہے۔

صوبہ کیگیان کے علاوہ ملک کے وسطی صوبےآروروا میں بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں، لیکن سرفنگ کے شوقین افراد ہنگامی صورتحال کے اعلان کے باوجود بلند لہروں پر سرفنگ سے باز نہیں آ رہے ہیں۔