اسرائیل کی غربِ اردن میں بستیاں بنانے کے منصوبے پر نظرِ ثانی

ذشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیل کی آبادکاری کی سرگرمیوں کو ’ناجائز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا
،تصویر کا کیپشنذشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیل کی آبادکاری کی سرگرمیوں کو ’ناجائز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے اپنے ہاؤسنگ کے وزیر سے کہا ہے کہ وہ غربِ اردن میں 20 ہزار سے زیادہ نئے مکانات پر مشتمل یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے پر نظرِ ثانی کریں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ منگل کو حکومت کے ہاؤسنگ وزیر اوری ایریئل نے جس منصوبے کا اعلان کیا ہے اس سے بین الاقوامی برادری کے ساتھ اسرائیل کی غیر ضروری کشیدگی پیدا ہوگی۔

اس سے قبل امریکہ نے کہا تھا کہ اسے اسرائیل کے منصوبے پر ’گہری تشویش‘ ہے۔

دوسری جانب فلسطین نے کہا ہے کہ وہ اس بابت اقوام متحدہ میں اپیل کریں گے۔ انھوں نے متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے اس قدم سے امن مذاکرات کا خون ہو جائے گا۔

ایک بیان میں وزیرِاعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ انھوں نے اوری ایریئل سے کہا ہے کہ وہ غربِ اردن میں بسنے والے یہودیوں کے لیے مکانات کی تعمیر کے اپنے منصوبے پر نظر ثانی کریں۔

انھوں نے کہا کہ ’اس طرح کے اقدام سے یہودیوں کی آبادکاری کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ ایک ایسے وقت میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ اس منصوبے کی وجہ سے غیر ضروری اختلاف بڑھے گا، جب ہم ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کوشاں ہیں۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں ایران کے متنازع جوہری پروگرام کے سلسلے میں جینوا ایران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی کے درمیان مذاکرات ہوئے جو بغیر کسی حتمی معاہدے کے ختم ہو گئے ہیں۔

جان کیری کے حالیہ دورے میں فلسطین نے اسرائیلی تعمیرات کو رکوانے کی اپیل کی تھی
،تصویر کا کیپشنجان کیری کے حالیہ دورے میں فلسطین نے اسرائیلی تعمیرات کو رکوانے کی اپیل کی تھی

اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ کے وزیر اوری ایریئل نے وزیر ا‏عظم کی درخواست قبول کر لی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے اس سے قبل آگاہ کیا تھا کہ اگر اسرائیل یہودی بستیاں بنانے کے اپنے منصوبے پر عمل کرتا ہے تو اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات ختم ہو جائیں گے۔

فلسطینیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے پر بحث کے لیے اقوام متحدہ سے اپیل کریں گے۔

واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا تھا کہ امریکہ کو اسرائيلی منصوبے پر ’گہری تشویش‘ ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اس بابت اسرائیل سے مزید وضاحت طلب کرے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیل کی آبادکاری کی سرگرمیوں کو ’ناجائز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔