بھارتی قونصلیٹ کے قریب خودکش حملہ، نو ہلاک

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں پولیس کے مطابق بھارتی قونصلیٹ کے قریب خودکش دھماکے میں کم سے کم نو افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکا سنیچر کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح دس بجے ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق پاس والی مسجد سے تھا۔ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
<link type="page"><caption> افغانستان: خودکش حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/03/130326_jalalabad_attack_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> افغانستان: خودکش حملے میں دس بچے ہلاک</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/06/130603_afghan_suicide_killed_children_zz.shtml" platform="highweb"/></link>
بھارتی قونصلیٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے۔
صوبہ ننگرہار پولیس کے ڈپٹی پولیس چیف معصوم خان ہاشمی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا یہ بھارتی قونصلیٹ پر حملے کی ناکام کوشش تھی۔
انھوں کہا کہ دو حملہ آور دھماکا خیز مواد سے بھری جیکٹیں پہنے گاڑی سے نکلے جن پر پولیس نے فوراً فائرنگ کر دی۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد گاڑی میں سوار باقی افراد نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دھماکے سے قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بھارتی قونصلیٹ پر اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف کو بتایا کہ ’ہمارے مجاہدین نے جلال آباد میں کوئی حملہ نہیں کیا ہے‘۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ پولیس نے جمعے کو صوبہ ننگرہار میں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاع دی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں بھارتی عمارتوں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
کابل میں بھارتی سفارت خانے کو 2008 اور 2009 میں بھی ہدف بنایا گیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ جلال آباد طالبان کے نشانہ پر رہا ہے اور گذشتہ سال یہاں کے ہوائی اڈے میں بم دھماکا ہوا تھا جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول نہیں کی تھی۔
گذشتہ مارچ کو جلال آباد میں ایک خود کش حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔
افغان حکام نے بی بی سے کو بتایا تھا کہ یہ حملہ صوبہ ننگرہار کے ایک پولیس مرکز پر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دسمبر میں جلال آباد میں طالبان نے امریکی اور افغان کے مشترکہ ایئر بیس کو نشانہ بنایا تھا جس میں چار افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے اور کئی نیٹو افواج کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ جلال آباد ننگرہار صوبے کا دارالحکومت ہے۔







