افغانستان: خودکش حملے میں دس بچے ہلاک

افغانستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنافغانستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

افغانستان میں حکام کے مطابق صوبہ پکتیا میں ایک فوجی قافلے پر خودکش حملے میں دس بچوں سمیت تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان کی سرحد سے متصل ضلع سمکانی کے بازار میں ایک موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے فوجی چیک پوسٹ کو ہدف بنایا۔

اس واقعہ میں دس بچوں سمیت تیرہ افراد ہلاک اور بیس کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کا خودکش حملہ اس وقت ہوا جب مقامی سکول سے بچے کھانے کے وقفے کے لیے باہر نکلے تھے۔

صوبہ پکتیا کے پولیس سربراہ جنرل زلمے اؤرخیل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملے کے وقت بازار سے بین الاقوامی اتحادی اور افغان فوج کا قافلہ گزر رہا تھا۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمر کیا تھی۔

برطانیہ کے خبر رساں ادارے رائٹرز نے ہسپتال کا دورہ کرنے والے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمر بارہ سال سے کم ہے۔

افغانستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے شدت پسندی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

دریں اثناء حکام کے مطابق مشرقی صوبہ لغمان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔