افغانستان:چیک پوسٹ پر حملہ، تیرہ اہلکار ہلاک

صوبہ کنٹر میں اس سے پہلے بھی طالبان کئی مرتبہ سکیورٹی فورسز پر حملے کر چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنصوبہ کنٹر میں اس سے پہلے بھی طالبان کئی مرتبہ سکیورٹی فورسز پر حملے کر چکے ہیں

افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبہ کنڑ میں ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں تیرہ افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے ایک دور افتتادہ علاقے میں واقع چیک پوسٹ پر طالبان شدت پسندوں نے کچھ دیر کے لیے قبضہ کر لیا تھا تاہم بعد میں سکیورٹی فورسز نے کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا۔

حکام کے مطابق چیک پوسٹ پر حملہ جمعہ کی صبح کیا گیا اور چیک پوسٹ پر طالبان کے قبضے کے بعد وہاں مزید نفری روانہ کی گئی۔

تاہم حکام نے جوابی کارروائی میں شدت پسندوں کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

طالبان کے ایک ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پاکستان کی سرحد سے متصل صوبہ کنڑ میں طالبان شدت پسند اکثر سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

افغانستان سے آئندہ سال کے آخر تک غیر ملکی افواج نے نکل جانا ہے اور اس کے بعد سکیورٹی کی زیادہ تر ذمہ داریاں افغان فوج کے پاس ہوں گی۔