افغانستان:ہلمند میں چھ پولیس اہلکار ہلاک

افغان پولیس کے کئی اہلکار اس نوعیت کے واقعات میں مارے جا چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنافغان پولیس کے کئی اہلکار اس نوعیت کے واقعات میں مارے جا چکے ہیں

افغانستان میں حکام کے مطابق صوبہ ہلمند میں پولیس کی چیک پوسٹ پر ایک اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے چھ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ ضلع موسیٰ قلعہ میں ایک پولیس اہلکار اپنے چھ ساتھی اہلکاروں کو مارنے کے بعد اسلحے اور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔

ہلاک ہونے والوں میں سے چار کا تعلق مقامی دفاعی فورس سے تھا اور دو کا تعلق پولیس سے تھا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کو انہوں نے بھرتی کیا تھا تاکہ حملہ کیا جا سکے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کے اس دعوے کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔

افغانستان میں ’اندرونی حملوں‘ میں غیر ملکی افواج کے متعدد اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے واقعات میں سب سے زیادہ ہلاکتیں افغان فورسز میں ہوئی ہیں۔

رواں ہفتے کے شروع میں ہلمند میں ہی ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے سات ساتھیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کا انخلا سال دو ہزار چودہ میں ہونا ہے اور اس کے بعد سکیورٹی کی ذمہ داری افغان سکیورٹی فورس کے پاس ہوں گی۔