کیلیفورنیا: آگ کی شدت میں اضافہ، ہلاکتیں 31 ہوگئیں

کیلیفورنیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

حکام کے مطابق کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے جبکہ دو سو سے زیادہ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمال میں اس آگ کی لپیٹ میں آ کر مزید چھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

جنوب میں جہاں اس آگ کو ’وولسی‘ کا نام دیا گیا ہے کے نتیجے میں دو افراد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

تقریباً ڈھائی لاکھ لوگوں کو ریاست کے تین علاقوں میں لگی بڑی آگ کے سبب اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔

سنیچر کو آگ کے پھیلاؤ میں کچھ وقفہ آیا تھا تاہم حکام نے مقامی افراد کو خبردار کیا تھا کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں کیونکہ آگ دوبارہ مزید تیزی سے بھڑک سکتی ہے۔

مالیبو

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمالیبو میں آگ شاہراہ 101 کو عبور کرکے ساحلی علاقوں ميں پھیل گئی ہے

علاقے کے گورنر جیری براؤن نے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ علاقے میں ایمرجنسی کا اعلان کریں تاکہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

رواں برس یہاں بیلجیم اور لگزمبرگ جتنا علاقہ جل گیا ہے جو کہ عام طور پر متاثر ہونے والے رقبے کی نسبت زیادہ ہے۔

اس آگ کو ’وولسی‘ کا نام دیا گیا ہے اور اب تک وہ 70 ہزار ایکڑ پر پھیل چکی ہے۔

جن شہروں اور قصبوں کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے ان میں تھاؤزینڈ اوکس بھی ہے جہاں بدھ کو ایک مسلح شخص نے گولی مار کر 12 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

مالیبو

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمالیبو نامی قصبے کا فضائی منظر جہاں کئی مشاہیر کے مکانات بھی آگ کی زد میں آ گئے ہیں

کیمپ فائر کہاں ہے؟

سیکرامینٹو کے شمال میں پلوماز نیشنل فارسٹ میں جمعرات کو کیمپ فائر بھڑک اٹھی۔ یہ 20 ہزار ایکڑ پر پھیلی ہوئی آگ ہے اور اس نے پیراڈائز قصبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

رہائیشیوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا اور تقریباً سات ہزار گھر اور کاروباری مقامات اس آگ میں تباہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے اس آگ کو ریاست کی تاریخ کی سبب سے تباہ کن آگ کہا جا رہا ہے۔

آگ کے شعلے اور لپٹیں اس قدر تیزی سے پھیل رہی تھیں کہ بعض لوگ اپنی کاروں کو چھوڑ کر پیدل ہی جان بچانے کے لیے بھاگ پڑے۔

بوٹے کاؤنٹی کے سپروائزر ڈگ ٹیٹر نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے سڑک پر چھوڑی ہوئی کاروں کو بلڈوزر سے ہٹایا تاکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا سکے۔

جلی کار

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپیراڈائز میں لوگ اپن کاروں کو چھوڑ کر پیدل ہی جان بچانے کے لیے نکل پڑے

ریاست میں جنگل اور آگ سے حفاظت کے محکمے کے ترجمان سکاٹ میکلین نے کہا کہ ’کوئی بھی چیز سلامت نہیں بچی ہے۔‘

بہرحال آگ پر کچھ حد تک قابو پا لیا گيا ہے۔

بی بی سی کے جیمز کک نے بتایا کہ ’پیراڈائز جہنم بن گیا ہے۔ قیر ماہی کی سلگتی ہوئی دنیا تباہ ہو چکی ہے۔ ہوا میں بو پھیلی ہوئی ہے۔ جلتے ہوئے کیمیائی مادے آپ کے منھ میں تلخ ذائقہ بھر دیتے ہیں۔ جلے ہوئے لوگوں کی راکھ کے درمیان سے گزرنا وحشت ناک اور دہشت ناک ہے۔ یہاں بہت زیادہ اداسی پھیلی ہوئی ہے۔‘

تھاؤزینڈ اوکس

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنتھاؤزینڈ اوکس میں آگ اپنی شدت پر نظر آئی ہے

آگ بجھانے کے محکمے کے اہلکاروں نے سیکرامینٹو کے شمال میں چیکو شہر کے بعض حصے کو بھی خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس چھوٹے شہر میں 93 ہزار افراد رہتے ہیں۔

وولسی فائر کہاں ہے؟

جمعرات کو مرکزی لاس اینجلس کے شمال مغرب میں 40 میل کے فاصلے پر تھاؤزینڈ اوکس میں آگ لگ گئی۔ اس وقت ہل فائر نامی ایک دوسری آگ بھی بھڑک اٹھی اور یہ بھی تھاؤزینڈ اوکس کے پاس بھڑک اٹھی۔

جمعے کو آگ پھیل کر شاہراہ 101 کوعبور کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں پھیل گئی اور وہاں کے تمام باشندوں کو اپنے مکان خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

پیراڈائز

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty

،تصویر کا کیپشنپیراڈائز کے بارے میں ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ وہ جہنم کی طرح دہک رہا ہے اور ہوائيں شعلوں کو پھیلا رہی ہیں

لاس اینجلس کاؤنٹی کے سربراہ جان بینیڈکٹ نے سنیچر کو بتایا کہ دو لوگوں کی لاشیں ملی ہیں تاہم انھوں نے اس کے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔

مالیبو اور کیلبساس میں کئی معروف شخصیتیں رہتی ہیں۔ چند لمحے کے لیے اداکار مارٹن شین کا کوئی پتہ نہیں تھا لیکن بعد میں انھوں نے بتایا کہ وہ ساحل پر محفوظ ہیں۔

X پوسٹ نظرانداز کریں, 1
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام, 1

ریئلٹی ٹی وی سٹار کم کاڈیشیئن نے ٹوئٹر پر کہا کہ جس گھر میں وہ ریپر کینی ویسٹ کے ساتھ رہتی ہیں وہ آگ کی زد میں آ گیا ہے۔

انھوں لکھا: ’میں اپنے ذہن سے اس آگ کو نکالنا چاہتی ہوں۔۔۔ ہم سب لوگ محفوظ ہیں اور یہی اہم ہے۔‘

تھاؤزینڈ اوکس

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنتھاؤزینڈ اوکس میں ایک جلتے ہوئے مکان کا منظر

گلوکارہ چیر جو لاس ویگس میں اپنا پروگرام پیش کر رہی ہیں انھوں ٹویٹ کیا کہ وہ مالیبو میں اپنے گھر کے لیے فکرمند ہیں۔

گلوکارہ لیڈی گاگا نے کہا کہ انھوں نے مالیبو کا اپنا گھر خالی کر دیا ہے۔ انھوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا جس میں ان کے اوپر کالے دھوئيں اڑتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

X پوسٹ نظرانداز کریں, 2
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام, 2

آسکر انعام سے سرفراز ہدایتکار گیولرمو ڈیل ٹورو نے ٹویٹ کیا کہ انھوں نے اپنا گھر خالی کر دیا ہے اور اپنے پیچھے ’بلیک ہاؤس‘ کا میوزیم کلیکشن چھوڑ آئے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ آگ میں ’ویسٹ ورلڈ‘ ٹی وی سیریز کا ایک سیٹ بھی برباد ہو گیا ہے اور مالیبو کی پیپرڈائن یونیورسٹی کو خطرہ لاحق ہے جس میں سات ہزار سے زیادہ طلبہ پڑھتے ہیں۔

آگ

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

،تصویر کا کیپشناس جنگل کی آگ میں ہزاروں گھر اور دکانیں جل کا تباہ ہو گئے ہیں

آگ پر قابو پانے والے عملے کو ابھی تک آگ کے گرد اس کو روکنے کے لیے آڑ یا حصار بنانے میں کامیابی نہیں ملی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ سنيچر کو وہ دن بھر کام کریں گے اور انھیں کچھ پیش رفت بھی ملے گی۔

ابھی کیلیفورنیا کے جنگلوں میں 16 جگہ آگ لگی ہوئی ہے جن میں سے مذکورہ تین آگ بڑی ہیں۔ حکام نے شمالی کیلیفورنیا کے زیادہ تر حصے کو ‘ریڈ فلیگ وارننگ‘ کے تحت رکھا ہے جس کا مطلبہ ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں آگ اپنے شدید رنگ میں ہوگی۔