ہمارے لیے ایک برا دن تھا: شعیب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے والی سری لنکا کی ٹیم کے کپتان مہیلا جیا وردھنے کا کہنا ہے کہ اب ان کی نظریں انڈیا کے خلاف سیریز جیتنے پر ہیں۔ جبکہ شکست خوردہ پاکستانی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ہار کو ’ایک برا دن‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں محنت کی ضرورت ہے۔ لاہور میں ہونے والے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی ٹیم کو 234 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دینے والے کپتان مہیلا جیا وردھنے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ سات سیریز میں سے چھ میں کامیابی حاصل کی ہے اور صرف انڈیا میں انڈیا کے خلاف ایک روزہ سیریز نہیں جیت سکے جس کا انہیں قلق ہے اور وہ اب سری لنکا میں انڈین ٹیم سے حساب برابر کریں گے۔ مہیلا جیا وردھنے اپنی ٹیم کی پاکستان کے خلاف سیریز میں کارکردگی پر بہت خوش تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے تھے کہ وہ آسانی سے یہ میچ جیت جائیں گے لیکن ان کے کھلاڑیوں نے گیم پلان کے مطابق کھیل پیش کیا جو اس فتح کا سبب بنا۔
جیا وردھنے کے مطابق انہوں نے اپنی انگز کے پہلے پندرہ اوورز میں وکٹ پر ٹھہرنے کی منصوبہ بندی کی تھی جس میں وہ کامیاب رہے اور بعد میں ان کی ٹیم نے کھل کا بیٹنگ کی۔ مہیلا جیا وردھنے نے اپنے نوجوان فاسٹ بالرز کی بہت تعریف کی ان کے مطابق کچھ برسوں سے ان کی ٹیم تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اور نوجوان فاسٹ بالرز کی تیسرے میچ میں کارکردگی سے انہیں چمندا واس کی کمی بھی محسوس نہیں ہوئی۔ ناقابل تسخیر 137 رنز بنانے والے تلکا رتنے دلشان کو سراہتے ہوئے کپتان جیا وردھنے کا کہنا تھا کہ دلشان نے ہمیشہ سے ہر پوزیشن پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایک ورسٹائل بیٹس مین ہیں۔ پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم گیم پلان کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی اننگز کے پہلے پندرہ اوورز میں تو ہم نے اچھی بالنگ کی اور انہیں زیادہ رنز نہیں بنانے دیے لیکن بعد میں ہم اسے قائم نہ رکھ سکے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ چند کیچز ڈراپ ہونے سے بھی میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔
پاکستان کی بیٹنگ کی ناکامی کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ پہلے دس اوورز میں کنڈیشنز کافی مشکل تھیں اور چونکہ پاکستان کو ایک بڑے ہدف کا پیچھا کرنا تھا اور ٹیم پر دباؤ بھی تھا اس لیے بیٹسمین سنبھل نہ سکے۔ شعیب ملک نے اسے ایک برا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ قسمت بھی ان کے ساتھ نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہار تو مایوس کن ہوتی ہے چاہے دو رنز سے ہو یا بھاری مارجن سے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس ایک میچ سے ہماری ٹیم کا معیار گر گیا کبھی کبھی اچھی ٹیمیں بھی ہار جاتی ہیں۔ انہوں نے کامران اکمل کے سٹمپ اور کیچ کے مواقع ضائع کرنے پر کہا کہ کامران اکمل ایک ورلڈ کلاس وکٹ کیپر ہے اور کیچ تو کسی بھی فیلڈر سے ڈراپ ہو سکتے ہیں۔ کامران اکمل نے بہت مشکل حالات میں پاکستان کو میچز جتوائے ہیں۔ شعیب ملک کے بقول ان کی ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے میں محنت کی ضرورت ہے اور وہ سخت محنت کریں گے اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ | اسی بارے میں لاہور میں فیصلہ کن تیسرا ون ڈے23 January, 2009 | کھیل پاکستان کی ہار، سیریز برابر21 January, 2009 | کھیل کراچی میں پاکستان کی جیت20 January, 2009 | کھیل پہلے ون ڈے کی تیاریاں مکمل19 January, 2009 | کھیل سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی18 January, 2009 | کھیل سری لنکا، حکمت عملی تیار: انتخاب17 January, 2009 | کھیل ملتان کا ون ڈے میچ کراچی منتقل14 January, 2009 | کھیل ’سیریز مشکل مگر دلچسپ ہو گی‘14 January, 2009 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||