عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  چیمپئن شپ کے پہلے روز چھ میں سے چار پاکستانی باکسرز نے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کی |
پاکستان کے علی محمد اور میرواعظ خان نے کراچی میں ہونے والی پہلی ایشین جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیت لیے ہیں۔ ازبکستان نے پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ قازقستان کے تین باکسرز سونے کے تمغے جیتنے میں کامیاب ہوئے تھائی لینڈ کا ایک باکسرفیصلہ کن مقابلے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان کے علی محمد نے 54 کلوگرام کیٹگری کے فائنل میں ازبک باکسر اورزوبیک کو 23 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے ہرادیا۔ پاکستان کے میرواعظ خان نے 91 کلوگرام کے فائنل میں ایرانی باکسر دلاوری کے سخت چیلنج کو قابو کرتے ہوئے صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کے نثار خان جنہوں نے فائنل تک ہر مقابلے میں پراعتماد انداز میں کامیابی حاصل کی تھی فائنل میں قازقستان کے عبدرحیموف سے چھ پوائنٹس کے فرق سے ہارگئے پہلا راؤنڈ اس شکست کا سبب بنا جس میں قازقستان کے باکسر کا پلہ بھاری رہا۔ پاکستان کے در محمد کو قازقستان کے بیرزان نے دس پوائنٹس کے فرق سے ہرادیا اسطرح پاکستان نے چیمپئن شپ کا اختتام دو طلائی، دو نقرئی اور چار کانسی کے تعغوں کے ساتھ کیا۔ چیمپئن شپ میں سترہ ممالک کے 83 باکسرز نے شرکت کی بھارت اور چینی تائپے کے باکسرز ویزے اور انٹری پرمٹ نہ ملنے کے سبب چیمپئن شپ میں حصہ نہ لے سکے۔
|