باکسر عامر خان کے لیے دُہرا اعزاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایتھنز اولمپکس میں زبردست کارکردگی کے مظاہرے کے بعد نوجوان کھلاڑی عامر خان کو برطانیہ کے ’ینگ باکسر آف دی ایئر‘ یا سال کے بہترین نوجوان باکسر کا اعزاز دیا گیا ہے۔ 1951 میں برطانیہ کے باکسرز کلب کے قیام کے بعد لائٹ ویٹ سلور میڈلسٹ عامر خان وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کلب کے لیے کوئی اعزاز جیتا ہے۔ سال کے بہترین نوجوان باکسر کا یہ اعزاز انہیں آج یعنی منگل کو دیا گیا ہے اور اسی دن برائٹن میں لیبر پارٹی کے ایک اہم اجلاس میں اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ عامر خان ہی کو 2012 کے اولمپکس کے لیے برطانیہ کا سفیر چنا جائے۔ سترہ سالہ عامر خان ایتھنز میں برطانیہ کی طرف سے واحد باکسر تھے اور انہوں نے یورپی چیمپیئن کو شکست دی۔ عامر خان کو لندن کے سیوائے ہوٹل میں اٹھارہ اکتوبر کو ایک تقریب میں باکسنگ رائٹرز کلب کا اعزاز دیا جائے گا۔ عامر خان اگرچہ برطانیہ ہی میں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے مگر ان کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں سپورٹس کی دنیا میں ایشیا سے تعلق رکھنے والے بہت کم افراد نے نام کمایا ہے اس لیے یہ اعزازات ان کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ عظیم باکسر محمد علی ان کے آئیڈیل ہیں۔ عامر کہتے ہیں کہ ان کے اعزاز یقیناً دیگر ایشیائی افراد کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہوں گے ’اس مقام تک پہنچنے کا مطلب ہے کہ اگر آپ کے گھر والے آپ کے ساتھ ہوں تو آپ وہ سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں جس کی آپ کو خواہش ہے‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||