عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  چیمپئن شپ کے پہلے روز چھ میں سے چار پاکستانی باکسرز نے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کی |
پاکستان کے نوجوان باصلاحیت باکسرز نثار خان اور علی محمد عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی میں جاری پہلی ایشین جونئر باکسنگ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ مستقبل کے باکسرز تلاش کرنے کی کوشش کے طور پر منعقد ہونے والی اس پہلی ایشین جونئر چیمپئن شپ میں پاکستانی نوجوان باکسرز نے اپنی عمدہ کارکردگی سے یہ بتادیا ہے کہ اگر انہیں ٹریننگ کے مواقع دیے جائیں تو وہ آنے والے دنوں میں انٹرنیشنل باکسنگ کا سخت چیلنج قبول کرنے کے اہل ہیں۔ چیمپئن شپ کے پہلے روز چھ میں سے چار پاکستانی باکسرز نے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کی تھی دوسرے دن رنگ میں اترنے والے تین میں سے دومیزبان باکسرز اپنے حریفوں کو زیرکرکے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ 54 کلوگرام کیٹگری میں علی محمد نے سخت مقابلے کے بعد کوریا کے کینگ مونگ کو ایک پوائنٹ سے ہرادیا۔پہلی باؤٹ میں علی محمد نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی باکسر اوبے یاشی کو شکست دی تھی۔ اپنی ٹریننگ سے مطمئن علی محمد گولڈ میڈل کے لئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ بیجنگ اولمپکس میں حصہ لے کر طلائی تمغہ جیتنا چاہتے ہیں۔ ایشین کیڈٹ گولڈ میڈلسٹ نثار خان نے 48 کلوگرام کیٹگری کے کوارٹرفائنل میں ازبکستان کے ہولمورتوف کو تیرہ کے مقابلے میں تیس پوائنٹس سےآؤٹ کلاس کردیا پہلی باؤٹ میں نثار خان نے افغان باکسر محمد عارف نذری کو ہرایا تھا۔ پاکستان کے کرار حسین جنہوں نے پہلے روز سری لنکن باکسر کو ہرایا تھا کوارٹرفائنل میں ازبک باکسر عظمت سے ہارگئے۔ چیمپئن شپ میں سترہ ممالک کے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ بھارت اور چینی تائپے ویزے نہ ملنے کے سبب چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئے ہیں۔
|