دبئی ٹیسٹ: 491 کے تعاقب میں انگلینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ

کپتان الیسٹر کک یاسر شاہ کا شکار بنے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنکپتان الیسٹر کک یاسر شاہ کا شکار بنے

دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان نے 354 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کر دی ہے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 491 رنز کا ہمالیائی ہدف دیا ہے۔

اس کے تعاقب میں انگلینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ پہلے معین علی صرف ایک رن بنا کر عمران خان کی گیند پر یونس خان کو کيچ دے بیٹھے، پھر کپتان الیسٹر کک یاسر شاہ کی ایک گیند کو سویپ کرتے ہوئے وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد بیل اور رووٹ نے مل کر 102 رنز کی ایک عمدہ پارٹنرشپ بنائی۔ بیل 46 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی اننگز میں یونس خان کے 118 رنز، اسد شفیق کے 79 رنز اور مصباح الحق کے 87 رنز قابل ذکر ہیں۔ اسد شفیق کے آؤٹ ہوتے ہی کپتان مصباح الحق نے اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

شکست و ریخت کا شکار وکٹ پر انگلینڈ کو میچ بچانے کے لیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90169" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> پاکستان بمقابلہ انگلینڈ 2015: خصوصی ضمیمہ</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/indepth/pak_england_cricket_series_ak" platform="highweb"/></link>

 پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشن پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی

چوتھے روز کپتان مصباح الحق جلد آؤٹ ہو گئے لیکن کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین یونس خان نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 31یں سینچری مکمل کر لی۔ وہ 13 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اسد شفیق نے یونس خان کا عمدہ ساتھ دیا اور انھوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 113 رنز کا اضافہ کیا۔

چوتھے روز جب میچ شروع ہوا تو یونس خان اور مصباح کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 71 اور 87 رنز بنا رکھے تھے۔ تاہم دن کے چوتھے ہی اوور میں مصباح الحق اپنے کل کے سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر جیمز اینڈرسن کی گیند پر الیسٹر کک کو مڈ آف پر کیچ تھما بیٹھے۔

اس سے قبل سنیچر کو پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔