’میری اردو زبان سے واقفیت کُک کے کام آئی‘

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر معین علی کی اردو زبان سے واقفیت اپنے کپتان الیسٹر کُک کے بہت کام آئی۔
الیسٹر کُک نے پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں شاندار ڈبل سنچری بنائی تھی۔
معین علی نے انکشاف کیا کہ چونکہ وہ اردو سمجھ لیتے ہیں لہٰذا وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی گفتگو سن رہے تھے کہ وہ الیسٹر کک کے خلاف کیا منصوبہ بندی کر رہے ہیں لہٰذا وہ بڑے اطمینان سے کک کو یہ بتاتے جارہے تھے کہ پاکستانی کرکٹروں کا اگلا قدم کیا ہوگا۔
معین علی عام طور پر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انھیں اوپنر کے طور پر کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معین علی کہتے ہیں کہ اوپنر کی حیثیت سے کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا اور ان میں یہ اعتماد پیدا ہوا کہ وہ اوپرکے نمبر پر بھی بیٹنگ کر سکتے ہیں۔ دوسرے دن جب وہ ناٹ آؤٹ واپس آئے تھے توانھوں نے ایک لحاظ سےاپنے ساتھی بیٹسمینوں کو اعتماد دے دیا تھا کہ وکٹ اچھی ہے۔
معین علی نے کہا کہ وہ اگلے میچوں میں اچھا سکور کرنا اور اپنی ٹیم کو اچھا آغاز بھی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
معین علی کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے دوست عادل رشید کو وکٹیں حاصل کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ پہلی اننگز میں انھیں وکٹ نہیں ملی لیکن ٹیم میں ہر کوئی یہی کہہ رہا تھا کہ انھوں نے اچھی بولنگ کی ہے۔
’ہم سب انھیں ذوالفقار بابر کی مثال دے رہے تھے جنھوں نے 70 اوورز کیے تھے اور صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔ ہمیں پتہ تھا کہ عادل کا اعتماد بلند رہا تو وہ ضرور وکٹیں حاصل کریں گے۔‘
معین علی کو مصباح الحق کی وکٹ حاصل کرنے پر حیرت ہے کہ جس طرح وہ آؤٹ ہوئے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ جب آپ کسی بڑے بیٹسمین کو آؤٹ کرتے ہیں تو یقیناً آپ کو خوشی ہوتی ہے تاہم انھیں بولنگ کرنا آسان نہ تھا۔
معین علی کا خیال ہے کہ ابوظہبی کے مقابلے میں دبئی میں بیٹنگ مشکل ہو گی لیکن انگلینڈ کے پاس سپن بولنگ کو اچھا کھیلنے والے بیٹسمین موجود ہیں جن میں جو روٹ اس وقت سپن کو کھیلنے والے بہترین بیٹسمین ہیں۔



