کم روشنی کی وجہ سے ابوظہبی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

پہلی اننگز میں وکٹ سے محروم رہنے والے انگلش سپنر عادل رشید نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپہلی اننگز میں وکٹ سے محروم رہنے والے انگلش سپنر عادل رشید نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لیں

ابوظہبی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ہے۔

سنیچر کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن پاکستان نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا تھا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90168" platform="highweb"/></link>

تاہم جب امپائرز نے خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو انگلینڈ کا سکور چار وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز تھا۔

دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے پہلے انگلش بلے باز جوس بٹلر تھے جو شعیب ملک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ذوالفقار بابر نے معین علی کو کیچ کروا کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی۔

بین سٹوکس آؤٹ ہونے والے تیسرے انگلش بلے باز تھے جو شعیب ملک کی دوسری وکٹ بنے۔

ذوالفقار بابر نے اپنے پانچویں اوور میں پہلے جونی بیرسٹو کا کیچ چھوڑا تاہم اگلی ہی گیند پر انھیں سٹمپ کروا کے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ لی۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں اسے انگلینڈ پر 98 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے اپنی ٹیم کو ابتدائی کامیابی دلائی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے اپنی ٹیم کو ابتدائی کامیابی دلائی

انگلینڈ کے لیے پہلی اننگز میں 163 رنز دینے کے باوجود وکٹ سے محروم رہنے والے سپنر عادل رشید نے دوسری اننگز میں 68 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یونس خان اور مصباح الحق کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

یونس نے 45 رنز بنائے جبکہ مصباح الحق نے نصف سنچری سکور کی۔

پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین واپس لوٹے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے پانچ اور معین علی اور جیمز اینڈرسن نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ایک پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

اس سے قبل انگلش کپتان الیسٹر کک نے اپنے گذشتہ روز کے سکور میں 29 رنز کا اضافے کے بعد پہلی اننگز 598 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی اور یوں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 75 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور شعیب ملک کی ڈبل سنچری اور اسد شفیق کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز آٹھ وکٹوں پر 523 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔