ابوظہبی میں انگلینڈ کو پاکستان پر 46 رنز کی برتری

کپتان الیسٹر کک نے اپنی تیسری ڈبل سینچری مکمل کی ہے جبکہ ان کے ساتھ کریز پر جو روٹ موجود ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکپتان الیسٹر کک نے اپنی تیسری ڈبل سینچری مکمل کی ہے جبکہ ان کے ساتھ کریز پر جو روٹ موجود ہیں

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف انگلش بلے بازوں کی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ چوتھے دن بھی جاری رہا۔

جمعے کو انگلینڈ 569 رنز بنا کر پاکستان پر پہلی اننگز میں 46 برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے تاہم اس دوران اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90168" platform="highweb"/></link>

انگلش اننگز کی خاص بات کپتان الیسٹر کک کی ڈبل سنچری رہی۔

انھوں نے اپنے کریئر کی تیسری ڈبل سینچری میں 18 چوکے لگائے اور 263 رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کی دوسری اور انگلینڈ کی ساتویں وکٹ بنے۔

اس میچ میں انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے نو ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

راحت علی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنراحت علی نے میچ کے چوتھے دن کے کھیل میں پہلی وکٹ حاصل کی

چوتھے دن کھیل کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم اس وقت کک کو آؤٹ کرنے کے موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی جب وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔

دن کی پہلی وکٹ 426 کے سکور پر گری جب راحت علی کی گیند پر جو روٹ سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 85 رنز بنائے۔

پانچویں وکٹ بیئرسٹو کی تھی جنھیں وہاب ریاض نے آٹھ کے سکور پر آؤٹ کیا۔

چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن سٹوکس تھے جو 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انھیں بھی شعیب ملک نے آؤٹ کیا۔ اس وکٹ کی خاص بات یہ تھی کہ یہ سپنرز کی طرف سے لی گئی پہلی وکٹ تھی۔

ذوالفقار بابر نے جوس بٹلر کی وکٹ لی جو 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے اب تک وہاب ریاض اور شعیب ملک نے دو، دو جبکہ ذوالفقار بابر، عمران خان اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور شعیب ملک کی ڈبل سنچری اور اسد شفیق کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز آٹھ وکٹوں پر 523 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔