اوباما: پچیس لاکھ نئی نوکریاں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے نو منتخب صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ وہ اپنے دور اقتدار کے پہلے دو برسوں میں پچیس لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انٹرنیٹ پر اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ ان کے اقتصادی ماہرین اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں اور وہ بیس جنوری کو حلف اٹھانے کے بعد جلدی سے جلدی اس منصوبے کی منظوری دیدیں گے۔ مسٹر اوباما نے یہ اعلان ایسے وقت کیا ہے جب امریکہ میں بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے اور صرف اسی سال بارہ لاکھ لوگ اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر اوباما نے نیو یارک کے فیڈرل ریزرو بینک کے موجودہ چئر مین ٹیموتھی گائٹنر کو اپنا وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ پیر کو اپنی پوری اقتصادی ٹیم کا اعلان کریں گے۔ مسٹر گائٹنر کے انتخاب کی خبر پھیلتے ہی امریکی حصص بازار میں تیزی آنا شروع ہوگئی۔
اسی دوران دنیا کے ایک بڑے بینک سٹی گروپ کے حصص کا بھاؤ بری طرح گر گیا ہے اور اس کے منتظمین بینک کو بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر اس کے حصص کا بھاؤ آدھے سے کم رہ گیا ہے۔ دن کے آغاز پر بینک کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن بعد میں دن کے اختتام پر ان کی قیمت بیس فیصد گر چکی تھی۔ بینک کا کہنا ہے کہ اس کے حصص کی قیمت اور اس کی عمومی حالت کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے حصص کی قیمت میں کمی شارٹ سیلنگ کی وجہ سے ہوئی جس میں لوگ بینک کے حصص کی قیمت کے بارے میں شرط لگاتے ہیں اور قیمت اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق سٹی گروپ اپنے کچھ اثاثے فروخت کرنے کا سوچ رہا ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ یہ کسی اور فرم میں ضم ہوجائے گا۔
اس طرح پچھتر ہزار برطرفیوں کا مطلب ہے کہ فرم نے اپنا بیس فیصد عملہ کم کر دے گا اور مستقبل قریب میں اس کے دنیا بھرمیں تین لاکھ ملازمین ہوں گے۔ سٹی گروپ کے حصص کی قیمت اس سال کے آغاز سے ہی تیزی سے گری ہے اور جنوری کے مقابلے میں اب وہ اسی فیصد کم قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔ سٹی گروپ نے گزشتہ ایک سال میں عالمی اقتصادی بحران میں بیس ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ بینک سن دو ہزار دس سے پہلے منافع نہیں کما سکے گا۔
جمعرات کو سعودی شہزادے الولید بن تلال نے سٹی گروپ کے تین سو پچاس ملین ڈالر کے حصص خریدے تھے لیکن اس سے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہوا۔ سرمایہ کاروں کو فکر ہے کہ مزید نقصان بینک کا مستقبل خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ سٹی بینک کے دنیا کے ایک سو سات ممالک میں بارہ ہزار دفاتر ہیں اور اس بینک کے نقصان کا اثر ہر جگہ محسوس کیا جائے گا۔ سٹی گروپ اگر نہ سنبھل سکا تو لوگوں کا دوسرے بڑے بینکوں سے بھی اعتبار اٹھ سکتا ہے۔ اس لیے امریکی حکومت کی اس بینک کو بچانے میں دلچسپی ہو گی اور اس مد میں پچیس ارب ڈالر لگائے جا چکے ہیں۔ بینک نے کھلی منڈی سے بھی پچاس ارب ڈالر حاصل کیے ہیں اور اس کے گرنے سے بہت سے اداروں کا سنبھلنا مشکل ہو جائے گا۔ | اسی بارے میں مزید باون ہزار کی چھانٹی17 November, 2008 | آس پاس برطانیہ: کساد بازاری کی وارننگ22 October, 2008 | آس پاس عالمی بازارِ حصص پر خوف کے سائے10 October, 2008 | آس پاس حصص:پہلے مندی پھر کچھ بہتری07 October, 2008 | آس پاس پیکج منظور ہو جائے گا: بش27 September, 2008 | آس پاس مالی بحران کا دائرہ پھیل رہا ہے18 September, 2008 | آس پاس ’ایسا مشکل وقت پہلے نہیں دیکھا‘15 September, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||