BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 18 September, 2008, 08:50 GMT 13:50 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
مالی بحران کا دائرہ پھیل رہا ہے
مالی بحران شروع امریکہ سے ہوا لیکن اب دائرہ پھیل رہا ہے
دنیا میں جاری شدید مالیاتی بحران سے سرمایہ کاروں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔

تمام بڑی سٹاک مارکیٹس میں کھلبلی مچی ہوئی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انشورنس کمپنی اے آئی جی کو بچانے کے لیے امریکی حکومت نے جو کوششیں کی ہیں، سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ وہ کافی ثابت نہیں ہوں گی۔

مبصرین کے مطابق مالی بحران ابھی شروع ہوا ہے اور اس کے اثرات ابھی پوری طرح منظر عام پر نہیں آئے ہیں۔

لیکن اعتماد کے اس فقدان کے نتائج امریکی سرحدوں سے باہر بھی نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ برطانیہ میں ایک بڑے بینک ایچ بی او ایس نے تباہی سے بچنے کے لیے خود کو بیچ دیا ہے جبکہ دنیا کی تمام بڑی سٹاک مارکیٹس میں شیئرز کی قیمتیں تیزی سے گرتی جا رہی ہیں۔

امریکی سٹاکس گزشتہ تین برسوں میں پہلی مرتبہ اتنی پستی پر گئے ہیں اور مندی کا یہ رجحان ایشیا میں بھی جاری ہے۔ جاپانی حکومت نے مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لئے ساڑھے چودہ ارب ڈالر مالی بازار میں لگائے لیکن اس کے باوجود بازار تین فیصد سے زیادہ گر گیا۔ برطانیہ، روس، سنگاپور، ممبئی، سب جگہ یہی صورتحال ہے۔

صرف ایشیا میں ہی مقامی حکومتیں اس ہفتے کے دوران تینتیس ارب ڈالر مارکیٹ میں لگا چکی ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کی تشویش کا ازالہ کیا جاسکے جبکہ بڑے عالمی بنکوں نے مشکلات کا شکار اداروں کو ایک سو اسی ارب ڈالر کا مہیہ کرائے تاکہ فنڈز کی کمی کے مسئلے سے نمٹا جاسکے۔

ادھر امریکی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر دوسری بڑی کمپنیاں مالی بحران کا شکار ہوتی ہیں، تو اے آئی جی کی طرز پر ان کی بھی مدد کی جاسکتی ہے لیکن یہ فیصلہ انفرادی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

مالی دنیا کے سب سے بڑے نام اچانک غائب ہو رہے ہیں

لیکن ماہرین کا کہناہےکہ سرمایہ کار اتنے گھبرائے ہوئے ہیں کہ وہ اپنا پیسہ سٹاکس اور شیئرز سے نکال کر زیادہ محفوظ شعبوں میں لگا رہے ہیں۔ اسی کی وجہ سے ایک طرف تو بازاروں میں استحکام لانے کی کوششیں ناکام ہورہی ہیں تو دوسری طرف سونے کی قیمتوں نے دس سال کے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ جب شیئر بازار گرتا ہے تو سونا مہنگا ہوجاتا ہے کیونکہ سونے میں لگی ہوئی رقم کے ڈوبنے کا خطرہ نہیں ہوتا۔

اب یہ قیاس آرائی بھی ہے کہ امریکہ کے دو دیگر بڑے بینک مارگن سٹینلی اور واشنگٹن میوچل بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ اخبار واشنگٹن ٹائمز کے مطابق واشنگٹن میوچل کو بیچنے کا عمل خفیہ طور پر جاری ہے۔

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔ پیٹرول پمپس پر تو تیل کی قیمت کم ہوسکتی ہے لیکن ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں گرنا زیادہ اچھی خبر نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتیں اس خطرے کے پیش نظر گر رہی ہیں کہ موجودہ مالی بحران سے دنیا بھر میں اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوجائے گی۔ اور جب اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوگی تو پھر وہ لوگ بھی زد میں آئیں گے جو موجودہ بحران سے براہ راست متاثر نہیں ہوئے ہیں۔

مغربی دنیا میں مانگ اور کھپت نہیں ہوگی تو عالمی تجارت پر اثر پڑے گا جو کسی کے لیے اچھی خبر نہیں۔

قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں لیکن مکانوں کے خریدار ندارد ہیں

توسوال یہ ہے کہ پیسہ گیا کہاں؟ گزشتہ تقریباً دس برسوں سے امریکہ اور برطانیہ جیسے مکلوں میں مکانوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا تھا اور بینک مکان خریندنے کے لیے دل کھول کر قرض بانٹ رہے تھے۔ کچھ ایسے لوگوں کو جو قرض لینے اور اسے واپس کرنے کی حیثیت میں تھے، لیکن بہت سے ایسے لوگوں کو بھی جو مکان خریدنا تو چاہتے تھے لیکن قرض لوٹانے کی حیثیت میں نہیں تھے۔

اب یہ رقم ڈوب رہی ہے اور امریکہ اور برطانیہ میں مکانوں کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں۔ موجودہ بحران کی وجوہات تو بہت ہیں لیکن بات شروع یہیں سے ہوئی اور اس میں سود کی شرح میں اضافے نےاہم اور خطرنات کردار ادا کیا۔

ماہرین کے مطابق معیشت میں پیسہ تو ہے لیکن غیر یقینی کی موجودہ کیفیت میں لگتا ہے کہ بینک اپنا پیسہ دبا کر بیٹھنا چاہتے ہیں۔ یعنی کمی پیسے کی نہیں اعتماد کی ہے۔

اور فی الحال کوئی ماہر یہ پیشن گوئی کرنے کی ہمت نہیں کر رہا کہ یہ اعتماد کب بحال ہوگا۔

عالمی مالیاتی بحران
معیشت کو ایسے جھٹکے عرصے سے نہیں لگے
جنگیں اور معاشیات
تین کھرب کی امریکی جنگیں اور مالی بحران
امریکہ ریکارڈ خسارہ
دو ہزار نو کیلیے چار سو اڑتیس ارب کے تخمینے
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد