ہندامریکہ جوہری معاہدے کوخطرہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ نے کہا ہے کہ اگر بھارت نےمستقبل میں کوئی جوہری دھماکہ کیا تو امریکہ اور بھارت کے درمیان جوہری شعبے میں تعاون کا معاہدہ ختم ہو جائے گا۔ یہ بات امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان شان میکارمیک نےواشنگٹن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شان میکارمیک نے کہا کہ بھارت اگر جوہری دھماکہ کرتا ہے تو پھر اسے اس معاہدے کے تحت فراہم کیا جانے والا تمام ایندھن اور جوہری ساز و سامان بھی واپس کرنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ ایک دن قبل بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے بھارتی پارلیمان میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے کے باوجود بھارت کو یہ حق حاصل رہے گا کہ وہ جب چاہے جوہری دھماکہ کر سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کی طرف سے یہ بیان دیئے جانے کے بعد بھارت میں حزب اختلاف اور بائیں بازو کی جماعتوں کی طرف سے اس معاہدے کی مخالفت اور بڑھ جائے گی۔ بھارت میں حکمران جماعت کانگریس کو اس معاہدے کے حوالے سے حزب اختلاف اور بائیں بازو سے تعلق رکھنےوالے اپنے اتحادیوں کی طرف سے بھی شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ کانگریس کی سربراہی میں قائم مرکزی حکومت کی حمایت کرنے والی بائیں بازو کی کمیونسٹ جماعتیں اس معاہدے کو یکسر مسترد کر چکی ہیں جبکہ حزب اختلاف کی بڑی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس معاہدے کی کئی شقوں پر اختلاف ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مطابق امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدہ کرکے حکمران جماعت نے بھارت کے جوہری تجربات کرنے کے حق کو گروی رکھ دیا ہے۔ بھارتی حکومت کا یہ کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے میں ایسی کوئی شق شامل نہیں ہےکہ بھارت مستقبل میں جوہری دھماکہ نہیں کر سکتا۔ مبصرین کے مطابق امریکہ اور بھارت کے درمیان ’ون ٹو تھری‘ جوہری تعاون کا معاہدہ ہایڈ ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ ہایڈ ایکٹ کے تحت امریکہ کو یہ حق حاصل ہے کہ اگر بھارت جوہری دھماکہ کرتا ہے تو پھر وہ بھارت کے ساتھ جوہری تعاون ختم کر دے اور اس معاہدے کے تحت فراہم کیا گیا تمام ایندھن اور جوہری سازو سامان واپس لیے لے۔ امریکہ اور بھارت کے درمیان جوہری شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دو سال تک مذاکرات جاری رہے جس کے بعد تقریباً دو ہفتے قبل ہی ’ون ٹو تھری‘ معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ تاہم اس سمجھوتے کی توثیق کے لیے اسے امریکی کانگریس میں ووٹنگ کے لیے پیش کیا جانا باقی ہے۔ |
اسی بارے میں جوہری معاہدہ آخری مرحلے میں: منموہن18 July, 2007 | انڈیا بھارت اور امریکہ کا جوہری معاہدہ27 July, 2007 | انڈیا کمیونسٹ رہنما سے ملاقات14 August, 2007 | انڈیا انڈیا امریکہ جوہری اشتراک کی تفصیل03 August, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||