 | | | اسامہ بن لادن کے بارے میں ایک سال سے کوئی خبر نہیں ہے |
امریکی سینیٹ نے اسامہ بن لادن کی گرفتاری یا موت کے لیے مقرر کی گئی انعامی رقم کو دوگنا کر کے پچاس ملین ڈالر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انعامی رقم بڑھانے کے حق میں ستاسی اور مخالفت میں صرف ایک ووٹ ڈالا گیا۔ سینیٹ میں اس حوالے سے ووٹنگ اس وقت کی گئی ہے جب خبردار کیا جا رہا ہے کہ القاعدہ نے حملے کرنے کی اپنی استطاعت دوبارہ بحال کر لی ہے اور امریکہ میں اپنے ایجنٹ داخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سینیٹر بائرن دورگین کا کہنا تھا ’اب چھ سال ہوگئے ہیں (نائن الیون کے واقعہ کو) اور القاعدہ دہشت گردی کے تربیتی کیمپ دوبارہ منظم کر رہی ہے۔‘  | امریکہ پر حملوں کا خدشہ  میری چھٹی حِس کہہ رہی ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں امریکہ پر حملوں کا خطرہ بڑھ جائے گا  مائیکل شرٹوف |
تجزیہ کاروں نے بدھ کو سینیٹ کو بتایا تھا کہ القاعدہ نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں محفوظ ٹھکانے بنا لیے ہیں۔ ایک نئی خفیہ امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے بعد اب دوبارہ مضبوط ہوچکی ہے۔ اندرونی سلامتی کے محکمہ کے سربراہ مائیکل شرٹوف نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ ان کی چھٹی حِس کہہ رہی ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں امریکہ پر حملوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ تاہم صدر بش نےاس تشویش پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک خیال ہے کہ القاعدہ دوبارہ اتنی مضبوط ہو چکی ہے جتنی گیارہ ستمبر سے پہلے تھی، لیکن ایسا نہیں ہے۔‘  | محض خیال ہے  یہ ایک خیال ہے کہ القاعدہ دوبارہ اتنی مضبوط ہو چکی ہے جتنی گیارہ ستمبر سے پہلے تھی، لیکن ایسا نہیں ہے  صدر بش |
اسامہ بن لادن کے بارے میں ایک سال سے کوئی خبر نہیں ہے، البتہ ان کے نائب ایمن الظواہری نے حالیہ ہفتوں میں اسلامی ویب سائٹس کے ذریعے کئی پیغامات جاری کیے ہیں۔ ایسے ہی ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی لال مسجد کے واقعہ کے ردعمل میں پاکستانی عوام صدر جنرل پرویز مشرف کے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ |