جدید نیپالی تاریخ کی پہلی عوامی تحریک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گزشتہ دنوں کٹھمنڈو میں وزارتِ داخلہ کے درجنوں اعلٰی افسر اور اہلکار بحالیِ جمہوریت تحریک کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے مگر نیپال کے لیئے یہ کوئی نئی بات نہیں تھی۔ سرکاری ملازمین سے لے کر ڈاکٹر اور ’سول سرونٹ‘ تک ہر شعبے کے لوگ اس تحریک میں شامل ہیں اور نیپال کی جدید تاریخ میں یہ اس نوعیت کی پہلی عوامی تحریک ہے۔ دارالحکومت کٹھمنڈو میں گزشتہ بدھ کی رات سے کرفیو نافذ ہے لیکن مظاہروں اور احتجاج میں روز بروز شدت آ تی جا رہی ہے۔ شہر کی سڑکوں پر لوگوں نے جگہ جگہ بڑے بڑے پتھر بکھیر دیے ہیں تاکہ فوجی گاڑیوں کی نقل وحرکت روکی جا سکے جبکہ کئی مقامات پر درختوں کی شاخوں سے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ صبح کچھ دیر کے لیے جب کرفیو ہٹتا ہے تو لوگ کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کے لیئے باہر نکلتے ہیں۔ اس وقت سارے شہر میں سب کچھ معمول کے مطابق لگتا ہے مگر جیسے ہی کرفیو کا وقت دوبارہ شروع ہوتا ہے بازاروں اور سڑکوں سے لوگوں کی بھیڑ غائب ہوجاتی ہے۔ چند ہی لمحوں میں فٹ پاتھوں پر، ہر چوراہے پر اور سڑکوں پر صرف فوج اور پولیس نظرآتی ہے اور ایسا لگنے لگتا ہے کہ جیسے اس شہر پر کسی غیر ملکی فوج نے قبضہ کر لیا ہو۔ دوپہر تک شہر کے ہر داخلی راستے سے مظاہرین شہر میں داخل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ان کی تعداد ہزاروں میں ہوتی ہے اور ان میں خواتین بھی ہوتی ہیں اور بچے بھی۔ سب سے زیادہ تعداد نو عمر لڑکوں کی ہوتی ہے۔ یہ لوگ شہر کے نواحی دیہات سے آتے ہیں اور جیسے جیسے وہ شہرکی طرف بڑھتے ہیں ان کے ساتھ شہر کے جلوس بھی شامل ہوتے جا تے ہیں۔ ان کی قیادت مقامی رہنماؤں کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ سب سے آگے کی صفوں میں لوگ سیاسی اتحاد اور اپنی اپنی جماعتوں کا پرچم لیے ہوتے ہیں۔
شہر میں جگہ جگہ مقامی آبادی نے مظاہرین کے لیئے پینے کے پانی کا بندوبست کر رکھا ہے۔گرمی سے بچاؤ کے لیئے لوگ اپنی چھتوں سے مظاہرین پر پانی کا چھڑکاؤ کرتے ہیں غرض کہ ہرکام بہت منظم اور پرامن طریقے سے انجام پاتا ہے۔ ادھر فوج نے شاہی محل کے گرد کئی قطاروں کا حفاظتی گھیرا بنا رکھا ہے۔ ان کے آگے مسلح پولیس تعینات ہے۔ جگہ جگہ بکتر بند گاڑیاں اور بھاری مشین گنیں نصب کی گئی ہیں۔ مظاہرین کو محل سے کافی دور روک دیا جاتا ہے۔ وہ نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن انہیں فائرنگ، لاٹھی چارج اور اشک آورگولوں سے پسپا کر دیا جاتا ہے اور ہر روز سینکڑوں جمہوریت حامی مظاہرین زخمی ہو رہے ہیں۔ دارالحکومت کے علا وہ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں اور جیسے جیسے مظاہروں میں شدت آ رہی ہے ویسے ہی پولیس اور فوج کے تشدد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے حصول تک جمہوریت کی تحریک جاری رکھیں گی۔ عوام مکمل طور پر ان کے ساتھ ہیں اور مظاہرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ان کی منزل شاہی محل ہے اور وہ رفتہ رفتہ محل کے نزدیک پہنچتے جا رہے ہیں۔ |
اسی بارے میں کٹھمنڈو میں دن بھر کا کرفیو نافذ22 April, 2006 | آس پاس کھٹمنڈو میں شاہی محل کا گھیراؤ22 April, 2006 | آس پاس نیپال: ’تحریک عوام کے ہاتھ میں‘22 April, 2006 | آس پاس نیپال کے مظاہرین کی ہلاکتیں21 April, 2006 | آس پاس جمعہ کو ریلی، پھر کرفیو نافذ21 April, 2006 | آس پاس نیپال کے بادشاہ جمہور کی مان گئے21 April, 2006 | آس پاس نیپال: مظاہرے جاری، دو ہلاک19 April, 2006 | آس پاس کٹھمنڈو: خوراک اور تیل کمی16 April, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||