 | | | نشانہ بننے والے افراد کو گھروں سے باہر نکال کر گولیوں سے بھون دیا گیا |
عراق میں تشدد کے نئے واقعات میں ایک سو پچاس سے زیادہ لوگ ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔ بدھ کی صبح بغداد میں ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک سو چودہ افراد ہلاک اور ایک سو ساٹھ زخمی ہوگئے۔ یہ بم دھماکہ بغداد کے علاقے کاظمیہ میں ہوا جہاں اکثریت اہلِ تشیع کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ کار بم کا نتیجہ تھا۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے ہوا۔ اس سے پہلے رات کو بغداد کے قریب ہی ایک شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے سترہ لوگوں کو گھروں سے نکال کر گولی مار دی۔ عراق میں القاعدہ نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک میں مزاحمت کاروں کے خلاف کارروائی کے جواب میں بم حملوں کی ایک مہم شروع کی ہے۔ القاعدہ کی ویب سائٹ کے مطابق تنظیم نے تلعفر میں امریکی اور عراق فوج کی کارروائی کے جواب میں حملے کیے ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار راب واٹسن کے مطابق ان حملوں سے معلوم ہوتا ہے کہ عراق میں مزاحمت کاروں کو فوجی طاقت سے قابو نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک علاقے میں دباؤ میں آنے پر مزاحمت کار کہیں اور اپنی کارروائیاں شروع کر دیتے ہیں۔ |