صدام حسین: مقدمے کی تاریخ طے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں اتحادی فاتحین کی مدد سے بننے والی عراق کی موجودہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صدام حسین پر مقدمہ 19 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ اس سے پہلے یہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ صدام حسین کے خلاف مقدمہ 15 ستمبر کو آئین کے مسودے پر ہونے والے ریفرنڈم کے بعد ہو گا۔ اس سے پہلے صدام حسین کی صاحبزادی رغد صدام نے اپنے والد کی قانونی مدد کے لئے نئے وکلاء کے تقرر کا اعلان کر چکی ہیں۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں اپنی رہائش گاہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں رغد صدام نے کہا کہ صدام حسین کی قانونی مدد کے لیے اس سے قبل جن ڈیڑھ ہزار وکیلوں کو تعینات کیا گیا تھا انہیں فارغ کردیا گیا ہے۔ اب بین الاقوامی وکلا کا ایک پینل ان کے والد صدام حسین کی پیروی کرے گا۔ صدام خاندان کے ایک قریبی مشیر عبدالحق علانی کا کہنا ہے کہ وکلاء کے اس نئے دستے میں امریکہ، یورپ، ایشیا اور خود عرب دنیا کے معروف وکلاء شامل ہوں گے۔ عراق کے معزول صدر پر یہ مقدمہ اس الزام میں چلایا جائے گا کہ 1982 میں ایک ناکام قاتلانہ حملے کے بعد شمالی بغداد کے علاقے میں ایک سو تینتالیس افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||