صدام سے جِرح، نئی فلم جاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حال ہی میں جاری کی گئی فلم میں سابق عراقی رہنما صدام حسین کی مجسٹریٹوں کے ہاتھوں جرح ہوتے دکھائی گئی ہے۔ فلم میں صدام حسین کو ایک گہرے رنگ کا سوٹ اور بغیر کالر کے شرٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ فلم کہاں فلمائی گئی۔ گزشتہ ہفتے صدام حسین کے وکلاء نے شکایت کی تھی کہ دسمبر سن دو ہزار تین میں ان کی گرفتاری کے بعد انہیں صدام حسین سے صرف دو مرتبہ ملنے دیا گیا۔ عراق کی عبوری حکومت کی طرف سے جاری کی گئی اس تازہ ریکارڈنگ میں گزشتہ جولائی میں عدالت میں پیشی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ صدام حسین مجسٹریٹوں کے سامنے لایا گیا ہے۔ حال ہی میں برطانوی اخباروں میں شائع ہونے والی ان کی تصویروں کے برعکس تازہ ریکارڈنگ میں صدام حسین اچھی تراش خراش میں نظر آرہے تھے۔ فلم میں، جو بغیر آواز کے جاری کی گئی ہے، دو عراقی مجسٹریٹوں کو صدام حسین سے جرح کرتے دکھایا گیا ہے۔ سابق عراقی رہنما مجسٹریٹوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے افسردہ دکھائی دے رہے ہیں۔ فلم میں صدام حسین کو بار بار اپنی تازہ تراشی ہوئی سفید و سیاہ داڑھی کو چھوتے دکھایا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||