معاملہ بات چیت سے حل کریں: عنان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے یورپی یونین سے کہا کہ وہ ایران سے مذاکرات جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر پایا جانے والے تعطل ختم ہونا چاہیے۔ مسٹر کوفی عنان کا بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب ایران نے یورپی یونین کی تنبیہہ کے باوجود بدھ کے روز اصفہان کے جوہری پلانٹ میں اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کی لگائی تمام سیلز توڑ کر پلانٹ میں یورینیم کی افزودگی کا کام شروع کر دیا ہے۔ مسٹر کوفی عنان نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کے نومنتخب صدر محمود احمدی نژاد سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور انہیں کہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ دوسری طرف یورپی یونین نے جوہری توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے آئی اے ای اے کو بھیجے گئے قرار کے ایک مسودے میں ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی فوری طور پر بند کر دے۔ قرار داد کے اس مسودے پر بحث جمعرات کے روز ہوگی۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام کے معاملے کو سلامتی کونسل لے جانا بہت بڑی غلطی ہوگی۔ میٹنگ میں شریک ایران کے چیف مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ایندھن پیدا کرنے کا پورا حق ہے۔ سائرس ناصری نے بی بی سی کے نیوز نائٹ پروگرام کو بتایا کہ یورپی یونین سے ساتھ جوہری پروگرام کو معطل رکھنے سے متعلق ایران کی بات چیت ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے اقتصادی اور سیاسی مراعات کو ’لولی پاپ کا پیکیج‘ قرار دیتے ہوئے رد کر دیا اور کہا کہ ایران کو نہ ان مذاکرات سے پہلے کوئی امید تھی اور نہ کبھی ہو گی۔ نامہ نگاروں کے مطابق اقوام متحدہ کی جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ہنگامی اجلاس میں سفارت کار اس مخمسے میں ہیں کہ ایران کے سلسلے میں اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے جوہری پلانٹ کو کھولنا جوہری ایجنسی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ امریکہ تو پہلے ہی کہتا رہا ہے کہ ایران پر اقوام متحدہ کی طرف سے معاشی پابندیاں لگنی چاہیں۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے اور مغرب کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔ کچھ ممالک کا کہنا ہے کہ اگر ایران سے بہت سختی سے نمٹنے کی کوشش کی گئی تو وہ بھی شمالی کوریا کی طرح الگ تھلگ ہوجائے گا ۔ اور شاید پھر اس سے مذاکرات اور زیادہ مشکل ہو جائیں۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر منگل سے شروع ہونے والی بات چیت کو مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||