ایران: یورپی یونین کی تجاویز مسترد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران نے جوہری پروگرام سے متعلق یورپی یونین کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان حامد رضا آصفی کا کہنا تھا کہ’ یورپی یونین کی تجاویز ایران کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں کیونکہ ان میں ایران کو یورینیم افزودہ کرنے کا حق نہیں دیا گیا‘۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یورپی یونین کی تجاویز کا مکمل جواب ہفتے یا اتوار کو دیا جائے گا۔ امریکہ نے بھی ان تجاویز کی حمایت کی تھی جن کے تحت ایران کو یورنیم کی افزودگی روکنے کے عوض ایک ’سول نیوکلیئر پروگرام‘ چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے انڈر سکریٹری نلکولس برنز نے کہا تھا کہ بہت اچھا ہوگا اگر ایران یہ تجاویز قبول کر لے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی تھی کہ ایران اس دھمکی پر قائم نہیں رہے گا کہ وہ اگلے ہفتے اپنی جوہری کارروائی دوبارہ شروع کر دے گا۔ ایران نےنومبر 2004 سے معطل جوہری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے لیکن مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ یہ پرامن پروگرام دراصل جوہری بم بنانے کے لیے ایک آڑ ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||