 |  تازہ ترین جھڑپوں کا سلسلہ مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف امریکی طیاروں کی کارروائی کے بعد شروع ہوا ہے |
افغانستان کے صوبہ ہلمند میں وشار ڈسٹرکٹ گورنر سمیت 18 مشتبہ جنگجو جنوبی افغانستان کی جھڑپوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔ جنوبی افغانستان سے امریکی فوج اور باغی جنگجوؤں کے درمیان مزید جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ باغی جنگجوؤں کا تازہ ترین حملہ پیر کو الصبح ہلمند صوبے میں سرکاری دفاتر پر ہوا جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ گورنر مارے گئے ہیں۔ ہلمند کے ایک صوبائی اہلکار نے بتایا ہے کہ گیارہ باغی جنگجو جن کا تعلق سابقہ طالبان حکومت سے بتایا جارہا ہے اس مسلح جھڑپ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ سات دیگر باغی جنگجوں کل رات گئے صوبہ زابل میں اس وقت مارے گئے جب کابل اور قندہار کے درمیان سڑک پر واقع ایک چیک پوسٹ پر حملہ ہوا۔ اس کارروائی میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔ اسی دوران امریکی افواج نے کہا ہے کہ وہ اُن دس جنگجوؤں کی تلاش میں ہیں جو ہلمند صوبے ہی میں اتوار کو امریکی فوج کے فضائی حملے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ افغانستان میں ان تازہ ترین جھڑپوں کا سلسلہ مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف امریکی طیاروں کی کارروائی کے بعد شروع ہوا ہے ان کارروائیوں میں بیس کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ |