عراق حملے: 16 ہلاک، 60 زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی دارالحکومت بغداد کے ایک پُر ہجوم چوک میں ہونے والے دو دھماکوں میں کم از کم سولہ افراد ہلاک اور ساٹھ کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا کہ یہ دھماکے بغداد کے علاقے سہلہ میں شیعہ مسجد کے قریب ہوئے۔ بغداد کے اس علاقے میں شیعہ مسلک کے لوگوں کی اکثریت رہتی ہے۔ اس سے کچھ گھنٹے پہلے تکریت کے علاقے میں پولیس اکیڈمی پر ہونے والے خود کش حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بغداد اور تکریت میں ہونے والے حملوں میں ایک جیسا طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔ پہلے دھماکے کے بعد جب لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے جمع ہوئے تو دوسرا حملہ کیا گیا۔ بغداد میں پچھلے تین روز میں شیعہ مسجد کے باہر یہ دوسرا بم حملہ ہے۔ جمعہ کے روز صبیح مسجد کے باہر بم دھماکے میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سابق عراقی رہنما صدام حسین کے آبائی قصبے تکریت میں کار میں سوار حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو پولیس اکیڈمی کے گیٹ پر ٹکرا دیا جہاں عراقی پولیس کے رنگروٹ اردن میں تربیت کے لیے جانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ پہلے بم حملے کے بعد جب زخمیوں کی مدد کی جا رہی تھی تو دوسرے حملہ آور نے بھی اپنے آپ کو اڑا دیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||