انسانی حقوق: نئے ادارے کی ضرورت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے تنظیم کے انسانی حقوق کے ادارے پر ذمہ داریاں نبھانے میں ناکامی کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں نیا ادارہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ کوفی عنان نے جینیوا میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انسانی حقوق کا ادارہ اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے ادارے کے رکن ممالک اپنی قومی مفادات کے تحفظ میں ضرورت سے زیادہ مگن ہیں۔ سوڈان، زمبابوے، چین، روس اور سعودی عرب انسانی حقوق کے ادارے کے موجودہ رکن ہیں اور ان تمام ممالک پر انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات ہیں۔ سوئٹزر لینڈ میں تنظیم کے سالانہ، چھ ہفتے تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کوفی عنان نے کہا کہ ’ہم ایسے موڑ پر پہنچ گئے ہیں کہ جہاں کمیشن پر اعتماد میں روز بروز کمی کے سبب اقوام متحدہ کے نظام کی ساکھ پر برا اثر پڑا ہے۔ انسانی حقوق کے نظام کی تشکیلِ نو کیے بغیر ہم غالباً اقوام متحدہ پر لوگوں کا اعتماد بحال نہیں کر پائیں گے۔‘ اقوام متحدہ میں اصلاحات سے متعلق اپنے پروگرام کے تحت کوفی عنان انسانی حقوق کا ایک ایسا چھوٹا ادارہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کے رکن ممالک انسانی حقوق کی اعلیٰ ترین اقدار کے علم بردار ہوں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||