’انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ بعض ممالک دہشت گردی کے نام پر انسانی حقوق کی پامالی کر رہے ہیں۔ کسی ملک کا نام لیے بغیر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی ہی دہشت گردوں کی فتح ہے۔ سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں عالمی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کوفی عنان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر قسم کو خلاف قانون قرار دیا جائے۔ کوفی عنان نے کہا کہ دنیا کی ترجیح اس بات پر ہونا چاہیے کہ دہشت گرد ایک سے دوسری جگہ آسانی سے نہ جا سکیں، ان کے ہاتھ جوہری ہتھیار نہ لگ جائیں اور ان کی مالی معاونت نہ ہو سکے۔ کوفی عنان نے کہا کہ ایٹمی دہشت گردی کو اکثر ایک سائنس فکشن سمجھا جاتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ ایسا ہی ہو۔ کوفی عنان نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جس میں ٹیکنالوجی کی معلومات آسانی سے دستیاب ہیں اور بعض دہشت گرد دنیا میں تباہی پھیلانے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ اگر دنیا میں ایٹمی دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش آ گیا تو اس سے نہ صرف تباہی ہو گی بلکہ دنیا کی معیشت کو بھی بری طرح متاثر کرئے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||