نئے عراق کی مدد کریں: کوفی عنان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے اقوامِ عالم پر زور دیا ہے کہ وہ عراق کے انتخابی عمل کی حمایت کریں تا کہ ایک ’متحد اور پر امن مملکت‘ تشکیل دی جا سکے۔ وہ مصر میں عرب اور دنیا کے دیگر طاقتور ممالک کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ قومی اختلافات کے باوجود شرم الشیخ میں منعقدہ اس اجلاس میں شریک تمام ممالک سے عراق کے مسئلے پر ایک مشترکہ موقف کی امید کی جا رہی ہے۔ اس اجلاس نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے خواہاں ممالک کو بھی مذاکرات کا ایک نادر موقع فراہم کیا ہے۔ اس اجلاس کے موقع پر امریکہ، اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور روس یاسر عرفات کی وفات کے بعد علاقے میں امن کے ممکنہ قیام پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اس اجلاس کے میزبان ملک مصر کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ عراق اور فلسطین کا مسئلہ آپس میں جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے ’فلسطینی مسئلہ‘ کے جلد حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ عراق میں استحکام کی کوششوں کو مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں سے الگ نہیں کیا جا سکتا‘۔ اس اجلاس میں عرب لیگ، اسلامی کانفرنس کی تنظیم، جی ایٹ ممالک اور چین شرکت کر رہے ہیں۔
احمد ابو الغیت نے بتایا کہ پیر کو ہونے والی بات چیت میں بیشتر معاملات پر اتفاقِ رائے پایا گیا ہے اور عراق کے ہمسایہ ممالک نے عراق میں سیاسی عمل کی حمایت کے لیے ایک قرارداد کے مسودہ کی بھی منظوری دی ہے۔ بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد عراق میں 30 جنوری کوانتخابات کا کامیاب انعقاد اور اس میں عراقیوں کی بڑے پیمانے پر شرکت ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد کے مسودہ میں انتخابات کی تیاری میں اقوامِ متحدہ کے کردار، دہشت گردی کے خاتمے اور ہمسایہ مملک کی جانب سے معاونت یا کم ازکم غیر جانبداری پر زور دیا گیا ہے۔ اس قرارداد میں عراق کی عبوری حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مخالفین سے ملاقات کرے اور انتخابات میں ان کی شرکت یقینی بنائے۔ عراق کے شیعہ رہنماؤں نے انتخابات میں حصہ لینے پر زور دیا ہے جبکہ کچھ شنی تنظیموں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ عراقی عکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک سے سرحدوں کی حفاظت کا مطالبہ کرے گی تاکہ شدت پسند انتخابات میں رخنہ اندازی نہ کر سکیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||