 |  حکومت نواز عرب ملیشیا پر الزام ہے کہ اس نے ڈارفور میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔ |
اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ اہلکار کے کا کہنا ہے کہ پچھلے اٹھارہ ماہ میں سوڈان کے دارفور کے علاقے میں بھوک اور بیماری کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ اسی ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے ادارے کے اہلکار جان انگلینڈ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی اس تعداد میں دارفور میں نسلی فسادات میں مرنے والوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ نے ڈارفور میں بھوک اور بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستر ہزار بتائی تھی۔ سوڈان میں حکومت نواز عرب ملیشیا پر الزام ہے کہ انہوں نے دارفور کے علاقے میں کئی ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے، خواتین کے ساتھ ریپ کیا ہے اور تقریباً بیس لاکھ افراد کو بےگھر ہونے پر مجبور کردیا ہے۔ اقوام متحدہ نے تشدد کے ان واقعات میں مرنے والوں کی کوئی تعداد ظاہر نہیں کی ہے۔ اس سال کے شروع میں دارفور پر اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اگرچہ وہاں کیا جانے والا تشدد نسل کشی کے برابر تو نہیں لیکن ہلاکتیں، زبردستی ہجرت پر مجبور کرنا اور جنسی زیادتیاں انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔ |