 |  چین نے کہا ہے کہ امریکہ نے عراق میں انسانی حقوق کے منظم خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے |
چین نے واشنگٹن پر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ عراقی قیدیوں کی ساتھ کی گئی زیادتیوں نے امریکی پالیسی کا ’سیاہ رخ‘ واضح کر دیا ہے۔ بیجنگ کی طرف سے یہ بیان اس سالانہ امریکی جائزے کے جواب میں دیا گیا ہے جس میں امریکہ کے حوالے سے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورت حال کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ چینی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نسل پرستی امریکہ کی شرست میں ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ امریکہ کے انتخابی نظام کو مالی مقابلہ قرار دے کر مسترد کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر انسانی حقوق کی عالمی پولیس کا کردار کیا ہے۔‘ چین کی ریاستی کونسل کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں عراقی قیدیوں کے ساتھ زیادتیوں کے دستاویزی ثبوت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے عراق کی ابو غریب جیل میں قید افراد کو منظم طریقے سے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’لوگوں کو امریکہ کی آزاد ریاست کے پیچھے چھپے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے یکارڈ کی گہرائی تک جانا ہو گا۔‘ رپورٹ میں نائیگرا فالز کی سیر پر جانے والی اس چینی خاتون کا احوال بھی بیان کیا گیا ہے جسے ایک امریکی سرحدی محافظ نے مارا پیٹا اور اس پر کالی مرچ چھڑکی۔ |