 |  ایران نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس رپورٹ کا جواب دے گا |
امریکہ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی دھن میں دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کی امریکی نمائندہ جیکی سینڈرز نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بڑی تعداد میں ایسے سوال پیدا ہورہے ہیں جن کا جواب ایران نے نہیں دیا ہے۔ جیکی سینڈرز ایران کے بارے میں اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کی ایک حالیہ رپورٹ پر رد عمل ظاہر کررہی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کئی جگہ اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ تہران نے اپنی کئی سرگرمیاں پوشیدہ رکھنے کی کوشش کی ہے اور جوہری معائنہ کاروں کو اس بارے میں غلط معلومات بھی فراہم کی ہیں۔ جیکی سینڈرز نے زور دیا ہے کہ ایران کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اس پر ممکنہ پابندیاں عائد کرسکے۔ آیی اے ای اے کی رپورٹ میں ایران کے ادارے کے ساتھ تعاون نہ کرنے اور معائنے کا معاملہ موخر کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک موقع پر ایران نے معائنہ کاروں کو پارچن کے مقام پر قائم ایک ملٹری کمپلکس کے دورے سے روک دیا تھا۔ ایران نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس رپورٹ کا جواب دے گا۔ |