جنوبی امریکہ، سیلاب سے ہلاکتیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی امریکہ کے ممالک وینزویلا اور کولمبیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈوں کے باعث اسی سے زائد افراد ہلاک جبکہ ساٹھ ہزار بے گھر ہوگئے ہیں۔ وینزویلا کے وزیر داخلہ کے مطابق وہاں تقریباً 53 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اکیس ہزار افراد کے گھر تباہ ہوچکے ہیں۔ کولمبیا میں 33 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور چالیس ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ کولمبیا کے ایک ایمرجنسی اہلکار کا کہنا ہے کہ سال کے اس حصے میں اتنی بارشیں ہونا ایک غیر معمولی بات ہے۔ دور دراز کے متاثرہ پہاڑی علاقوں تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے۔ وینزویلا کی جنوب مغربی ریاست میریڈا بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 50 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ نشیبی پہاڑی علاقوں میں واقع کئی بستیاں اس وقت پانی میں بہہ گئیں جب دریا میں طغیانی کے باعث اس کے کنارے ٹوٹ گئے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ متاثرین کی لاشیں میلوں تک پانی کے ساتھ بہتی گئیں۔ کولمبیا کی حکومت نے ایمرجنسی کی صورتحال نافذ کردی ہے اور ملک کے صدر نے وعدہ کیا ہے کہ متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||