ایران ایٹمی میزائل بنا رہا ہے: پاول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیرِ خارجہ کولن پاول نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق ایران اپنے میزائلوں کو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت سے لیس کر رہا ہے۔ کولن پاول نے کہا کہ انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق ایران ’ ڈیلیوری سسٹمز پر کام کر رہا ہے‘۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کہ ایران نے یورپی یونین سے مذا کرات کے نتیجے میں یورینیم کی افزودگی روک دی ہے۔ ایران اس بات پر اصرار کرتا آیا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام خفیہ ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق ہے۔
کولن پاول نے جو کہ ِچلی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں کہا کہ ’ میں وارہیڈ کی بات کر رہا ہوں‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ ہم ان اطلاعات کی بات کر رہے ہیں جن سے نہ صرف یہ پتہ چلتا ہے کہ ان کے پاس میزائل ہیں بلکہ یہ کہ وہ ان دونوں( میزائل اور وار ہیڈ) کو یکجا کر نے کی کوششوں میں مصروف ہیں‘۔ ایران کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے 25 نومبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ IAEA نے ستمبر میں ایک قرارداد کے ذریعے ایران کو کہا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی روک دے۔ یورینیم کی کامیاب افزودگی جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں ایک بنیادی کلیہ ہے۔ پیر کو IAEA نے ایک خفیہ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران نے ابھی تک ایٹمی مواد کو ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال نہیں کیا لیکن یہ رپورٹ ایران اور یورپی یونین کے اس معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے مطابق 22 نومبر تک ایران یورینیم کی افزودگی روک دے گا اور اس کے بدلے میں یورپی یونین ایران سے توانائی اور تجارت کے شعبوں میں مزید تعاون کرے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||