کشمیر میں چارافراد ہلاک، حالات کشیدہ، کرفیو اور ہڑتال

 فوج نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہلاکتیں فوج کی فائرنگ سے ہوئی ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن فوج نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہلاکتیں فوج کی فائرنگ سے ہوئی ہیں
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سرینگر

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالیہ کشیدگی کی لہر میں بدھ کو پولیس سے تصادم کے دوران ایک اور نوجوان کی ہلاکت کے بعد حالیہ احتجاج میں مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

مقامی پولیس کے سپرانڈینڈنٹ اعجاز احمد نے کہا کہ کپوارا میں مظاہرے کے دوران ایک نوجوان کو آنسو گیس کا شیل سر میں لگنے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

قبل ازیں انڈین فورسز کی فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکتوں کے خلاف مظاہروں کی لہر کو روکنے کے لیے سرینگر سمیت بیشتر علاقوں میں بدھ کے روز کرفیو نافذ کردیا گیا۔

تین افراد کی ہلاکت سرینگر سے شمال کی جانب 70 کلومیٹر دُور ہندوارہ قصبہ میں منگل کے روز اُس وقت ہوئیں جب ایک لڑکی کےساتھ فوجی اہلکار کی مبینہ جنسی زیادتی کے خلاف سینکڑوں نوجوانوں نے احتجاجی جلوس نکالا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہاں موجود فورسز نے جلوس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو نوجوان محمد نعیم اور محمد اقبال ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے بعد میں ایک 60 سالہ خاتون ہسپتال میں چل بسیں۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ شہریوں کے جسم سے ملی گولیوں کی فورینسک جانچ کے بعد ہی یہ طے کیا جائے گا کہ گولی کس نے چلائی تھی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنفوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ شہریوں کے جسم سے ملی گولیوں کی فورینسک جانچ کے بعد ہی یہ طے کیا جائے گا کہ گولی کس نے چلائی تھی

اس دوران پولیس اور فوج نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں سکول کی وردی میں مبلوس ایک 17 سالہ طالبہ کہتی ہیں کہ وہ جب بیت الخلا سے باہر نکلیں تو انھیں چند کشمیری لڑکوں نے، جن میں سے ایک وردی میں ملبوس تھا، دھر لیا اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

لڑکی کا کہنا ہے کہ بعد میں انھیں پولیس تھانے پہنچایا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’بھارتی فوج کی 21 آر آر کا اہلکار بالکل اُسی وقت بیت الخلا میں داخل ہوا جب وہ لڑکی داخل ہوئی۔ جب نوجوانوں نے دروازہ کھٹکھٹایا تو فوجی اہلکار بھاگ گیا۔‘

وہاں پر اُس وقت موجود شوکت احمد کہتے ہیں: ’سب لوگ پُرامن طریقے پر پولیس اور فوج سے مطالبہ کررہے تھے کہ قصور وار کو گرفتار کیا جائے۔ اس دوران لڑکوں نے جلوس نکالا اور پولیس نے ان پر فائرنگ کی۔ بعد میں فوج نے بھی فائرنگ کی۔‘

ہندوارہ کے رہائشیوں نے حکومت سے کہا ہے کہ ہندوارہ چوک سے بنکر ہٹانے اور قریبی فوجی کیمپ کو منتقل کرنے تک احتجاج جاری رہے گا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہندوارہ کے رہائشیوں نے حکومت سے کہا ہے کہ ہندوارہ چوک سے بنکر ہٹانے اور قریبی فوجی کیمپ کو منتقل کرنے تک احتجاج جاری رہے گا

لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ شہریوں کے جسم سے ملی گولیوں کی فورینسک جانچ کے بعد ہی یہ طے کیا جائے گا کہ گولی کس نے چلائی تھی۔ تاہم فوج نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہلاکتیں فوج کی فائرنگ سے ہوئی ہیں۔

اس دوران فوج اور حکومت نے الگ الگ سطحوں پر اس واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے فوجی حکام اور بھارتی وزیردفاع کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھایا ہے۔

لیکن عوامی حلقوں نے مبینہ جنسی زیادتی کی شکار طالبہ کا ویڈیو جاری کرنے پر پولیس اور فوج پر سخت تنقید کی ہے۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم خرم پرویز کہتے ہیں: ’خود انڈیا کے قانون کے مطابق ایسی کسی خاتون کی شناخت ظاہر کرنا جرم ہے۔ پولیس یہ جرم فوج کے دفاع میں کر رہی ہے۔‘

اس دوران ہندوارہ کے رہائشیوں نے حکومت سے کہا ہے کہ ہندوارہ چوک سے بنکر ہٹانے اور قریبی فوجی کیمپ کو منتقل کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔