کشمیر: فوج سے جھڑپ میں دو شدت پسند ہلاک

فورسز کے ہاتھوں ان دو افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ بہت سے لوگ اس کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنفورسز کے ہاتھوں ان دو افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ بہت سے لوگ اس کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے ایک تصادم میں دو شدت پسندوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔

انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے فوج کے ایک افسر کے حوالے سے لکھا ہے کہ تصادم جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں جمعرات کی صبح ہوا ہے۔

دوسری خبر رساں ایجنسی اے این آئی کا کہنا ہے کہ فوج کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے ہے۔

اے این آئی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان تصادم صبح پانچ بجے کے آس پاس شروع ہوا تھا۔

فوجی حکام کا کہنا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین مختلف جھڑپوں میں چار شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ کپوارا کے درد پورہ میں ایک مزید تصادم جاری ہے۔

جمعرات کی صبح فورسز نے جن شدپ پسندوں کو تصادم میں ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے اس میں ایک کی شناخت نصیر احمدپنڈت اور دوسرے کی وسیم احمٹ ملّا کے نام سے کی گئی ہے۔

نصیر احمد کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ وہ محکمہ پولیس کے سابق ملازم ہیں اور کانسٹبل کی حیثیت سے وہ گذشتہ برس ہتھیار سمیت پولیس کی نوکری چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

وسیم احمٹ کا تعلق پہلی پورہ سے بتایا جا رہا ہے۔

فورسز کے ہاتھوں ان دو افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ بہت سے لوگ اس کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق احتجاجا نوجوانوں نے فورسز کی ایک گاڑی کو آک لگا دی ہے۔