کشمیر میں جھڑپ، دو فوجی اور پانچ شدت پسند ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں فوجی حکام کے مطابق ایک مسلح جھڑپ میں دو فوجی اور پانچ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سکیورٹی فورسز نے جمعے کی شام لائن آف کنٹرول کے قریب شدت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
حکام کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد شروع ہونے والی جھڑپ 16 گھنٹے تک جاری رہی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی نے بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل نتن جوشی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ضلع کپواڑہ کے ایک گاؤں میں ہونے والی جھڑپ میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جھڑپ کے مقام سے پانچ شدت پسندوں کی لاشیں ملی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں مسلح گروپوں کے حملوں میں حالیہ برسوں خاصی کمی آئی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کشمیر میں مسلح مزاحمت نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جس کے تحت مقامی لڑکے پولیس یا فوج کے ہتھیار چھین کر جنگلوں میں تربیت پاتے ہیں اور پھر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔
فوجی حکام نے گذشتہ برس بتایا تھا کہ کشمیر میں فی الوقت دو سو مسلح عسکریت پسند سرگرم ہیں۔



