کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملے میں افسر ہلاک

بھارتی حکام کے مطابق تین جنگجو ایک کمیپ میں داخل ہو گئے ہیں اور فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبھارتی حکام کے مطابق تین جنگجو ایک کمیپ میں داخل ہو گئے ہیں اور فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سری نگر

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک فوجی کیمپ پر فدائی حملے اور وہاں ہونے والی جھڑپ کے دوران ایک فوجی افسر ہلاک ہوگیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ حملہ بدھ کی صبح لائن آف کنٹرول کے قریب واقع فوجی کیمپ پر کیا گیا۔

پولیس افسر اعجاز احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ فوجی وردی میں ملبوس تین مسلح حملہ آور شمالی ضلع کپوارہ کے علاقے ٹنگڈار میں بھارتی فوج کی گرینیڈیئرز بٹالین کے کیمپ کے صدر دروازے سے فائرنگ کرتے ہوئے آفیسرز میس میں داخل ہوئے۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد جوابی کارروائی شروع کر دی گئی اور ابتدائی حملے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا ہے جبکہ کیمپ کے اندر فائرنگ کی وجہ سے پیٹرول کے ذخیرے میں آگ لگ گئی۔

ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت یا رینک ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

فوج اور پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو باہر نکالنے کے لیے سپیشل کمانڈوز کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ کیمپ کے اندر اتارا گیا ہے۔

مسلح تنظیم جیش محمدی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اس کے ترجمان محمد حسن شاہ نے بی بی سی کو فون پر بتایا ’اس حملے میں ہمارے تین ساتھی شامل ہیں اور لڑائی جاری ہے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ کشمیر میں مسلح مزاحمت نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جس کے تحت مقامی لڑکے پولیس یا فوج کے ہتھیار چھین کر جنگلوں میں تربیت پاتے ہیں اور پھر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔