پاکستانی فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک: بھارتی فوج

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض مسرور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سری نگر
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں تعینات بھارتی فوجکے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پاکستانی افواج نے بھارتی اہداف پر راکٹ داغے جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرینگر میں تعینات بھارتی فوج کی 15 ویں کور کے ترجمان کرنل این این جوشی کے مطابق یہ واقعہ شمالی مشرقی ضلع بانڈی پورہ کے گوریز خطے میں پیش آیا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ راکٹ حملے میں ٹیریٹوریل آرمی کے دو مقامی اہلکار طارق لون اور وسیم لون مارے گئے۔
پاکستان اور بھارت ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے الزامات لگاتے رہتے ہیں۔
پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی تازہ خلاف ورزی کا دعویٰ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کشمیر کی انتظامیہ سات نومبر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی وادی آمد کے سلسلے تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
واضح رہے گذشتہ دو برس سے لائن آف کنٹرول پر دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور وقفہ وقفہ سے فائرنگ کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔
تاہم پچھلے چند ماہ سے ماحول بظاہر پرسکون ہے کیونکہ دونوں ملکوں نے سرحدوں پر کشیدگی ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPTI
فوجی ترجمان نے بتایا کہ گوریز خطے میں وسیع پیمانے پر تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا ہے کیونکہ فوج کو شبہ ہے کہ پاکستانی فائرنگ کی آڑ میں مسلح درانداز بھارتی کنٹرول والے علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کا ایوان بالا
دوسری جانب پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینٹ کو ایک تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے گذشتہ دو سال کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈریز کی 997 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جبکہ ان خلاف ورزیوں کے دوران70 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں فوج اور سویلین بھی شامل ہیں۔
وزارت دفاع کی طرف سے جمع کروائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج کی طرف سے رواں سال کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 34افراد ہلاک ہوئے جن میں33 سویلین شامل ہیں۔
اس تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ سنہ دوہزار تیرہ کے دوران بھارتی افواج نے 464 مرتبہ ورکنگ بانڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ نے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہوئے جن میں دس فوجی شامل ہیں۔







