انوپم کھیر کی سری نگر سے ’بھاری دل کے ساتھ واپسی‘

،تصویر کا ذریعہ
بالی ووڈ کے اداکار انوپم کھیر جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سری نگر ہوائی اڈے پر روکے جانے کے بعد کشمیر سے واپس لوٹ آئے ہیں۔اس حوالے سے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ کشمیر سے بھاری دل کے ساتھ لوٹے ہیں۔
انوپم کھیر کو اتوار کے روز جموں و کشمیر پولیس نے سری نگر ہوائی اڈے پر ہی روک لیا گیا تھا اور انھیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) تک نہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
انوپم کھیر کو این آئی ٹی کے طلبا سے ملنا تھا جہاں گذشتہ کئی دنوں سے کشمیری اور غیر کشمیری طالب علموں کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔
وہ جیسے ہی سری نگر ہوائی اڈے پر اترے، پولیس نے انھیں وہیں روک لیا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔
انوپم کھیر نے میڈیا کو بتایا کہ وہ کشیدگی کو ہوا دینے کے لیے این آئی ٹی نہیں جا رہے تھے بلکہ وہاں طالب علموں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے ٹویٹ کی: ’مجھے جموں و کشمیر پولیس نے بتایا ہے کہ آپ سری نگر شہر میں داخل نہیں ہو سکتے۔ میں اب سری نگر ہوائی اڈے پر ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
انوپم کھیر نے کہا کہ ’میں نے پولیس سے کہا کہ کیا میں اپنے آبائی گھر یا ہیل بھوانی مندر جا سکتا ہوں لیکن مجھے اس کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔‘
انھیں اس طرح ایئر پورٹ پر ہی روکے جانے سے متعلق کشمیر زون کے پولیس انسپیکٹر جنرل جاوید گیلانی مجتبیٰ نے کوئی جواب نہیں دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سری نگر کے این آئی ٹی میں 31 مارچ کو اس وقت کشیدگی شروع ہوئی تھی جب انڈین ٹیم کی ورلڈ ٹی20 کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کے بعد کشمیری طلبا نے جشن منایا تھا۔
اس کے بعد غیر کشمیری طلبا اور کشمیری طالب علموں میں ٹکراؤ کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انتظامیہ کو چار دن تک تعلیمی ادارے کو بند کرنا پڑا تھا۔
چھ اپریل کو جب غیر کشمیری طلبا نے کیمپس سے باہر جانے کی کوشش کی تو ان پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور اب اس پر سیاست ہو رہی ہے۔







