بھارت: دو عمارتیں گرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
بھارت کے دو شہروں چنّئی اور دہلی میں دو عمارتوں کے منہدم ہونے سے کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ درجنون زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چنّئی میں سنیچر کو اچانک منہدم ہو جانے والی عمارت میں نو افراد ہلاک ہوئے اور ابھی بھی سو سے زیادہ افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ چنّئی میں گرنے والے عمارت کے ملبے سے 20 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔
تمل ناڈو کے دارالحکومت چنّئی میں سنیچر کی شام 11 منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم نو جبکہ دہلی میں ایک دوسری عمارت منہدم ہونے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
چنّئی میں پولیس اہلکار ایس جارج فرنانڈیز نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا کہ ابھی بھی اس عمارت میں متعدد مزدور پھنسے ہوئے ہیں جنھیں نکالنے کا کام جاری ہے۔
امدادی ٹیمیں منہدم عمارت کے ملبے سے پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
عمارت میں پھنسے ہوئے افراد میں زیادہ تر آندھر پردیش اور مغربی بنگال ریاستوں کے مزدور ہیں۔
یہ واقعہ سنیچر کی شام پیش آیا۔ امدادی کاموں میں تقریباً 300 پولیس اہلکار تمام رات پھنسے ہوئے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل سنیچر کی صبح بھارتی دارالحکومت دہلی میں بھی ایک چار منزلہ عمارت کے گر جانے سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ دارالحکومت دہلی کے اندرلوک علاقے میں گرنے والی عمارت تقریباً 50 سال پرانی تھی اور خستہ حالت میں تھی۔
دہلی پولیس کے نائب کمیشنر (نارتھ) مدھر ورما نے سرکاری ٹی وی چینل دور درشن کو بتایا کہ اس عمارت میں کئی خاندان رہتے تھے۔
بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق مرنے والوں میں تین خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں اور عموماً ناقص تعمیراتی سامان اور کمزور بنیادوں کو ان واقعات کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔







